لاہور۔30اگست (اے پی پی):چیئرمین پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام و ممبر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خان نے حلقہ PP-172 کے علاقہ طلعت پارک (یونین کونسل 101) کا دورہ کیا اور وہاں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کشتی کے ذریعے کیا اور کئی خاندانوں بشمول بچوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
ہفتہ کو وزیراعظم آفس یوتھ افئیرز ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رانا مشہود احمد خان نے متاثرہ مکینوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ریسکیو 1122، واپڈا، پولیس، اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہدایت کی کہ ریلیف اور ریسکیو سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کے جان و مال کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات کے تحت متاثرین کی فوری امداد اور بحالی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ رانا مشہود احمد خان نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ علاقوں میں مستقبل میں ایسی صورتحال سے بچاؤ کے لیے پائیدار اور دیرپا اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو کسی بھی قدرتی آفت سے مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔