راولپنڈی ۔16جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے صوبہ کے دیگر شہروں کی طرح راولپنڈی میں بغیر رجسٹریشن ہوٹلز و گیسٹ ہاؤسز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر بابر سرفراز الپا کی سربراہی اور سٹی پولیس آفیسر سید خالد ہمدانی کی نگرانی میں روزانہ کی بنیاد پر نیشنل ایکشن پلان کے تحت شہر بھر کے تمام ہوٹلز ،ریسٹورنٹس اور گیسٹ ہاؤسز کا سرچ آپریشن کیا جارہا ہے
جس کا مقصد دہشت گردی، جرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے ۔اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر راولپنڈی میں موجود تمام ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز مالکان متنبہ کیا گیا تھا کہ وہ 15 جون سے قبل’’ہوٹل آئی‘‘سافٹ وئیر میں رجسٹریشن کروائیں اور رجسٹریشن نہ کروانے والے ہوٹل اور گیسٹ ہاؤسز مالکان فوری طور پر آن لائن پورٹل http://hoteleye.punjab.gov.pk پر رجسٹریشن کروائیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں تاہم رجسٹریشن نہ کروانے والے ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کیخلاف ’’پنجاب انفارمیشن آف ٹمپریری ریذیڈنس ایکٹ 2015‘‘ کے تحت کاروائی ہوگی۔