راولپنڈی میں قیدی وین سے فرار ہونے والے حوالاتیوں کی گرفتاری کے لیے جاری کارروائیوں میں مزید پیشرفت سامنے آئی ہے، پولیس نے انتہائی سنگین مقدمے میں مطلوب ایک اور فرار ملزم کو گرفتار کر لیا
راولپنڈی،قیدی وین سے فرار حوالاتیوں کی گرفتاری میں مزید پیشرفت، ایک اور فرار ملزم گرفتار

مزید خبریں
راولپنڈی۔2جولائی (اے پی پی):راولپنڈی میں قیدی وین سے فرار ہونے والے حوالاتیوں کی گرفتاری کے لیے جاری کارروائیوں میں مزید پیشرفت سامنے آئی ہے، پولیس نے انتہائی سنگین مقدمے میں مطلوب ایک اور فرار ملزم کو گرفتار کر لیا، اب تک گرفتار کیے جانے والے فرار حوالاتیوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق قیدی وین سے فرار ہونے والے حوالاتیوں کی گرفتاری کے لیے پولیس کی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔ تازہ کارروائی کے دوران پولیس نے ایک اور فرار ملزم وہاب کو گرفتار کر لیا ہے جو ایک انتہائی سنگین مقدمے میں ملوث بتایا جاتا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم وہاب کو تھانہ سہالہ میں درج مقدمے کے سلسلے میں اسلام آباد پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ترجمان نے بتایا کہ واقعے کے بعد سے راولپنڈی پولیس مسلسل مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں اور ریڈز کر رہی ہے۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر 8 فرار حوالاتیوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دیگر فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں اور انہیں جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔واضح رہے کہ چند روز قبل قیدی وین سے متعدد حوالاتی فرار ہونے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے بعد راولپنڈی پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر سرچ اور انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں شروع کی تھیں۔








