33.6 C
Islamabad
بدھ, جون 4, 2025
ہومعلاقائی خبریںراولپنڈی، خواجہ کارپوریشن چوک پر تعمیر کیا گیانواز شریف فلائی اوور مکمل

راولپنڈی، خواجہ کارپوریشن چوک پر تعمیر کیا گیانواز شریف فلائی اوور مکمل

- Advertisement -

راولپنڈی۔2جون (اے پی پی):پنجاب حکومت نے خواجہ کارپوریشن چوک پر تعمیر کیے گئے جدید ترین نواز شریف فلائی اوور کو مکمل کر لیا ہے جو شہر کے انفراسٹرکچر کی ترقی میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ 2.1 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والا یہ منصوبہ (کل) 3 جون کو باقاعدہ طور پر افتتاح کے لیے تیار ہے جو راولپنڈی کے مصروف ترین علاقوں میں ٹریفک کی روانی کو انقلابی طور پر بہتر بنائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ذاتی طور پر اس منصوبے کی نگرانی کی اور اسے مقررہ مدت میں مکمل کروایا جو حکومت کی شہری ترقی کے عزم کا مظہر ہے۔ 1,915 فٹ لمبا اور 52 فٹ چوڑا یہ فلائی اوور دونوں اطراف میں 22 فٹ چوڑی سروس روڈز کے ساتھ راولپنڈی کے اندرون شہر کو راولپنڈی رنگ روڈ نیٹ ورک سے جوڑتا ہے۔ اسے روزانہ تقریباً 80,000 گاڑیوں کے گزرنے کے قابل بنایا گیا ہے جس سے اڈیالہ روڈ کے راستے سفر میں نمایاں بہتری آئے گی۔

- Advertisement -

اس منصوبے کے تحت خواجہ کارپوریشن سے گورکھپور تک 1.93 ارب روپے کی لاگت سے سڑکوں کی از سر نو بحالی بھی شامل ہے جو علاقائی رابطے کو مزید مستحکم کرے گی۔ پنجاب ہائی وے ڈیپارٹمنٹ کے ایگزیکٹو انجینئر رانا قاسم علی نے’’ اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ تمام تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا ہے اور ٹریفک کی روانی میں بھی کسی قسم کی بڑی رکاوٹ نہیں آئی۔ ہم نے جدید ترین انجینئرنگ تکنیکوں اور وسائل کے مؤثر استعمال کے ذریعے اس عالمی معیار کے منصوبے کو مکمل کیا ہے۔

یہ فلائی اوور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ترقیاتی خدمات کے اعتراف میں ان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ اس کی افتتاحی تقریب راولپنڈی کے شہریوں کے لیے آمد و رفت کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گی جس سے سفر کا وقت اور ٹریفک جام میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ یہ منصوبہ پنجاب حکومت کے اس وژن کا عکاس ہے جو ایک جدید، مؤثر اور شہری ضروریات کے مطابق انفراسٹرکچر فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=604334

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں