راولپنڈی۔ 06 مئی (اے پی پی):راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے ستھرا پنجاب پروگرام اور عیدالاضحیٰ صفائی مہم کے سلسلے میں بھرپور آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کی نگرانی سی ای او آر ڈبلیو ایم سی رانا ساجد صفدر خود کر رہے ہیں جبکہ کمپنی کی کمیونیکیشن اینڈ سوشل موبلائزیشن ٹیم شہر بھر میں عوامی شعور بیدار کرنے میں مصروف عمل ہے،مہم کے دوران ٹیم کے مرد و خواتین ارکان نے شہر کی مصروف مارکیٹوں، گلی محلوں، تعلیمی اداروں، پارکوں اور دیگر مقامات کا دورہ کیا۔ شہریوں کو آگاہی پمفلٹس فراہم کیے گئے جن میں صفائی کے پیغامات، آلائشوں کی بروقت تلفی اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی خدمات سے فائدہ اٹھانے کا مکمل طریقہ کار درج ہے۔ عوام کو ہیلپ لائن 1139، موبائل ایپ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے شکایات درج کرانے کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر سی ای او آر ڈبلیو ایم سی رانا ساجد صفدر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عیدالاضحیٰ پر ہر گھر، گلی اور بازار صاف ستھرا نظر آئے۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ قربانی کے بعد آلائشوں کو مقررہ جگہوں پر رکھیں، تاکہ ہماری ٹیم بروقت اٹھا کر تلف کر سکے۔ یہ مہم صرف انتظامیہ کی نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں ”ستھرا پنجاب پروگرام ” صرف ایک صفائی مہم نہیں بلکہ ایک سماجی تحریک بن چکی ہے۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہریوں کے تعاون سے اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے پرعزم ہے۔آگاہی مہم کے دوران اسکولوں اور کالجوں میں بھی خصوصی وزٹس کیے گئے جہاں طلبہ و طالبات اور اساتذہ کو صفائی کے پیغام کا امین بنایا گیا۔
ٹیم نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ اپنے والدین، ہمسایوں اور اہل محلہ کو اس مہم کا حصہ بنائیں تاکہ صاف، سرسبز اور صحت مند پنجاب کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے جاری اس مہم کو عوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور مختلف طبقہ ہائے فکر کے افراد شرکت کر کے اسے مزید مؤثر بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593381