راولپنڈی۔22مئی (اے پی پی):سٹی پولیس آفیسر سید خالد ہمدانی کی سربراہی میں راولپنڈی پولیس نےقتل،اقدام قتل،منشیات فروشی،قمار بازی سمیت دیگر جرائم میں ملوث 20 ملزمان گرفتارکر لئے۔پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ رتہ امرال،پیرودہائی ،صدر واہ ،کہوٹہ اور کلرسیداں نے کارروائیاں کرتے ہوئے 5 افراد کو حراست میں لے کر ساڑھے 6 کلو سے زائد چرس برآمد کر لی۔ پیرودھائی پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمہ میں ملوث 2 افراد کو گرفتار کر لیا، زیرحراست افراد نے معمولی تلخ کلامی پر چھری کے وار سے شہری کو قتل کر دیا تھا۔
واقعہ کا مقدمہ پانچ دن قبل نا معلوم افراد کے خلاف تھانہ پیرودھائی میں درج کیا گیا تھا، واہ کینٹ پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری اور دیگر چوری کے مقدمات میں ملوث فرد کو گرفتار کر لیا، زیر حراست فرد سے مسروقہ موٹر سائیکل اور رقم 13 ہزار روپے، 02 موبائل فون اور موٹر برآمد ہوئی،مندرہ پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے اقدام قتل کے مقدمہ میں نامزد دو افراد کو گرفتار کر لیا،
زیر حراست افراد نے سابقہ رنجش پر فائرنگ اور ڈنڈوں کے وار سے شہری کو زخمی کر دیا تھا۔ واقعہ کا مقدمہ رواں سال مارچ میں تھانہ مندرہ میں درج کیا گیا، نیو ٹاؤن پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے تاش کے پتوں پر جوا کھیلنے کے مقدمہ میں 6 افراد کو گرفتار کر لیا۔ زیر حراست افراد سے داؤ پر لگی رقم 34 ہزار روپے اور 6 موبائل فونز برآمدہوئے،
دریں اثناء راولپنڈی پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے چار افراد کو حراست میں لے کر 80لیٹرسے زائد شراب اور اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کر لیا۔ زیر حراست افراد کے خلاف کارروائیاں تھانہ وارث خان، بنی اور پیرودھائی کے علاقوں میں کی گئی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600182