راولپنڈی، پولیس اور کار چوروں کے درمیان مبینہ مقابلہ میں ایک ملزم ہلاک

16

راولپنڈی ۔4جولائی (اے پی پی):راولپنڈی میں پولیس اور کار چوروں کے درمیان مبینہ مقابلہ میں ایک ملزم ہلاک جبکہ دو فرار ہو گئے۔پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ مورگاہ کے علاقہ میں تین کار سواروں نے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ ٹیم پر فائرنگ کردی۔پولیس کی جوابی فائرنگ کے دوران کار لفٹر ہلاک اور دو فرارہوگئے، ہلاک کارلفٹر سے دو ماہ قبل تھانہ آر اے بازار کے علاقہ سے چوری شدہ کار اور اسلحہ برآمد ہوا،متن مقدمہ کے مطابق ہلاک شخص کی شناخت عالم زیب کے نام سے ہوئی ہے جو جڑواں شہروں میں وہیکلز چوری کے مقدمات میں ملوث و ریکارڈ یافتہ ہے

فائرنگ کے دوران فائر سرکاری گاڑی کو بھی لگے۔سی سی ڈی ٹیم نے دوران ناکہ بندی مشکوک کار سوار 3 افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی،واقعہ کی اطلاع پر سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے، فرار افرادکی گرفتاری کے لئے علاقہ میں سرچنگ کی جارہی ہے۔فائرنگ کے باوجود بہادری سے مقابلہ کرنے اور مسروقہ کار کی برآمدگی پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس ایس پی کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ و ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔