راولپنڈی۔7جولائی (اے پی پی):آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا اور کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک 11 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے سکیورٹی و دیگر انتظامات کی نگرانی کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار، ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی اور دیگر اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ آر پی او اور ایس ایس پی آپریشنز نے جلوس کے تمام روٹس کا پوائنٹ وائز دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ آر پی او بابر سرفراز الپا نے بتایا کہ جلوس کی سکیورٹی پر 2100 سے زائد افسران اور اہلکار تعینات ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے 200 سے زائد ٹریفک اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر 8000 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ سیف سٹی راولپنڈی اور دیگر ذرائع سے 2000 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوس کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار کے مطابق جلوس کے روٹس پر موجود گلیوں، سڑکوں اور داخلی راستوں کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے چھتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کیے گئے ہیں جبکہ جلوس میں شرکت کرنے والے ہر فرد کی مکمل باڈی سرچنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔