راولپنڈی ،اے این ایف کا تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن شروع

124
ANF ​​operation against drug
ANF

راولپنڈی۔1اپریل (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس نے تعلیمی اداروں میں منشیات کی ترسیل کے خلاف جڑواں شہروں اسلام آباد /راولپنڈی میں کریک ڈاؤن شروع کردیاہے ۔اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری بیان کے مطابق تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف کریک ڈائون کے دوران کھنہ پل پر 2.4 کلو گرام چرس قبضے میں لی گئی۔ملزم مقامی یونیورسٹی میں بی ایس کمپیوٹر سائنس کا طالبعلم ہے۔

لہتراڑ روڈ پر واقع وحید آباد کالونی کے قریب ملزم منشیات سمیت گرفتارکیاگیا ۔دورانِ کارروائی ملزم سے 6 کلو گرام چرس برآمدکی گئی ۔ملزم نے دوران تفتیش مختلف ہاسٹلوں میں منشیات سپلائی کا اعتراف کیا۔ ترجمان نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں منشیات کا استعمال اور خرید و فروخت تعلیمی حصول کے لئے رکاوٹ ہے ، اس کے علاوہ یہ نوجوانوں کے مستقبل اور معاشرے کی تشکیل کے لئے خطرہ بھی ہے۔ طلبا کا منشیات فروشی میں ملوث ہونا افسوس ناک ہے ۔

ترجمان نے کہاکہ منشیات سمگلنگ کے خلاف جنگ میں اے این ایف انتھک کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔منشیات جیسی لعنت کو پھیلنے سے روکنا والدین اور اساتذہ کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ، تعلیمی اداروں کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ کا طلبہ اور رہائشی ہاسٹلز کی کڑی نگرانی ضروری ہے ۔