24.9 C
Islamabad
ہفتہ, مارچ 29, 2025
ہومعلاقائی خبریںراولپنڈی ،خواتین نے عید الفطر کی خریداری کے بازاروں کا رخ کر...

راولپنڈی ،خواتین نے عید الفطر کی خریداری کے بازاروں کا رخ کر لیا

- Advertisement -

راولپنڈی۔ 26 مارچ (اے پی پی):ملک کے دیگر شہروں کی طرح راولپنڈی میں بھی خواتین نے عید الفطر کی خریداری کے بازاروں کا رخ کر لیا ہے ،خواتین کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر سب سے الگ لگنا ہر ایک کی ترجیح ہوتی ہے اور اگر خواتین کی بات کی جائے تو وہ کپڑوں سے جوتوں تک میچنگ کو سامنے رکھتی ہیں تاکہ اس خاص موقع پر وہ اپنی خوش لباسی سے سب کو متاثر کر سکیں۔

بدھ کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے عید خریداری کے دوران خواتین کا کہنا تھا کہ شاپنگ عید کی ہو یا کسی اور موقع پر، اس کے لیے خواتین تو سب سے آگے ہوتی ہیں اور انہیں ہر وقت یہ جاننے کی کھوج رہتی ہے کہ فیشن میں آخر کیا چل رہا ہے تاکہ وہ بھی موجودہ فیشن کا حصہ بن سکیں۔

- Advertisement -

نورین بٹ نے بتایا کہ آج کل خواتین اور نوجوان لڑکیوں کے ملبوسات سمیت دیگر فیشن اور پسند کے معیار میں بھی خاصا فرق آتا جارہا ہے۔ خواتین چاہتی ہیں کہ وہ عید پر دلکش نظر آئیں اور عید کی شاپنگ بھی ٹرینڈ کے مطابق کریں جب کہ ان کی نسبت نوجوان لڑکیاں شوخ اور نت نئے اسٹائل اپنانا چاہتی ہیں تاکہ عید جیسے موقع پر وہ بھی سب کی نظروں میں رہیں۔عید کے حوالے سے عنبر خان کا کہنا ہے کہ چھوٹی عید یعنی عید الفطر پر ہلکے رنگوں کے ملبوسات کا ٹرینڈ زیادہ مقبول ہے۔عید کے لیے ملبوسات میں اونچی کرتیاں، قمیضیں اور فراک پسند کیے جا رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ منفرد انداز اور رنگوں میں ان کو متعارف کروایا ہے۔

عید پر خواتین سگریٹ پینٹ، ٹیولپ شلواراور فلیپر پہن سکتی ہیں جن میں وہ نہایت خوبصورت اور دلکش لگیں گی۔خواتین کے مطابق اونچی یا نارمل لمبائی کی قمیض کو سنبھالنا آسان ہوتا ہے جب کہ میکسی اور لانگ شرٹس جیسے لباس دکھنےاور پہننے میں نہایت دلکش ہیں لیکن انہیں سنبھالنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔کپڑوں کی خریداری کے بعد خواتین کے لیے دوسرا بڑا مسئلہ ان کی سلائی ہوتی ہے کیونکہ انہیں کس فیشن میں سلوانا ہے اس ٹرینڈ کا بھی ایک خاص خیال رکھنا ہوتا ہے۔

صائمہ بی بی نے کہا شارٹ شرٹس کے ساتھ سگریٹ پینٹس اور دیگر فیشن ٹراوزرز کے اسٹائل کے ساتھ سجنے سنورنے کے لیے قمیض میں بوٹ نیک لائن بنایا جارہا ہے جو شرٹ میں خوبصورت دکھائی دیتا ہے۔ چاہے قمیض کڑاہی والی ہو یا سادھی، دونوں میں اس کا سٹائل منفرد ہی لگتا ہے اور جوڑے میں چار چاند لگ جاتے ہیں۔خواتین کا کہنا تھا کہ عید پر کپڑوں کے ساتھ ساتھ جیولری اور جوتے بھی خاص فیشن کا خیال کرتے ہوئے خریدے جاتے ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576336

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں