راولپنڈی۔ 03 جون (اے پی پی):کمشنر را ولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے عیدالالضحیٰ کے حوالے سے سکیورٹی و دیگر انتظامات کے بارے میں ہدایات جاری کرتے ہو ئے کہا کہ قبل از عید جانوروں کی آمد و رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے کانگو وائرس و دیگر امراض سے بچنے کے لئے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ اس سلسلے میں محکمہ لائیو سٹاک انٹری و ایگزٹ پوائنٹس پر ویکسینیشن یقینی بنائے۔
کمشنرراولپنڈی نے مزید کہا کہ آر ڈ بلیو ایم سی کی جا نب سے قربانی کے جانوروں کی آلائشو ں کوڈا لنے کے لئے بائیو ڈیگریڈ ایبل تھیلے بھی عوام میں تقسیم کئے جائیں گے۔کمشنر آفس راولپنڈی میں عیدالاضحی کے انتظامات سے متعلق جائزہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ایڈ یشنل کمشنر(کوآرڈ ینیشن)سید نذارت علی، سی او ہیلتھ، سی او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ودیگر متعلقہ افسران کے علاوہ مری، اٹک، جہلم، چکوال کے ڈپٹی کمشنرزنے و یڈ یو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اس موقع پر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) نے صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے انتظامات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ راولپنڈی میں مجموعی طور پر 241 کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جن میں 168 پرائمری کلیکشن پوائنٹس اور 73 سیکنڈری (ٹرانسفر اسٹیشن) شامل ہیں۔ یہ پوائنٹس ویسٹ کو مرحلہ وار سیکنڈری پوائنٹس اور پھر ڈمپ سائٹس تک پہنچانے کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔ ویسٹ کلیکشن اور ٹرانسپورٹیشن کے لیے کل 2,699 مشینری یونٹس اور 11,687 ہیومن ریسورس صفائی کی لیے مختص کی گئی ہے۔