
اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):جڑواں شہروں راولپنڈی ، اسلام آباد میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر پولیس، سکیورٹی فورسز اور دیگر خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے عید کا تہوار فرائض کی انجام دہی میں گزارا، ہسپتالوں اور دیگر شعبوں کے عملہ کی بھی عید پر ڈیوٹیاں لگائی گئی تھیں۔
عید کےموقع پر ہسپتالوں میں میڈیکل، پیرامیڈیکل سٹاف اور نرسنگ عملہ نے فرائض کی انجام دہی میں عید کا دن گزارا۔ ہسپتالوں میں عید کے موقع پر عملہ کے اراکین ، ڈاکٹرز کی طرف سے مریضوں کو پھول بھی پیش کئے گئے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس اہلکاروں نے بھی دن فرائض کی انجام دہی میں گزارا۔ عید گاہوں اور شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا تھا جس کے تحت عملہ کی ڈیوٹیاں لگائی گئی تھیں۔
اسی طرح سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے شعبہ سینی ٹیشن ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام ، فائر فائٹرز، ریسکیو 1122، انوائرنمنٹ ڈائریکٹوریٹ ، واٹر سپلائی اور دیگر سول سروسز فراہم کرنے والے اداروں اور شعبوں کے عملہ نے بھی عید فرائض کی انجام دہی میں گزاری۔عیدگاہوں اور تفریحی مقامات پر سکیورٹی انتظامات کیلئے عملہ کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی گئی تھیں۔
دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی متحرک نظر آئے۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران نے ایدھی ہوم اور سی ڈی اے کی ڈمپنگ سائٹس کا بھی دورہ کیا اور صفائی پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے بہترین انتظامات پر عملہ کی کوششوں کی تعریف بھی کی۔ شہر کے مختلف مقامات پر ریسکیو ٹیمیں بھی الرٹ نظر آئیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ موسمی صورتحال کے پیش نظر ندی نالوں کی نگرانی کیلئے بھی خصوصی ڈیوٹیا ں لگائی تھیں جبکہ راول ڈیم اور سملی ڈیم کے گردونواح میں بھی سکیورٹی اہلکار تعینات تھے تاکہ کسی بھی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آ سکے۔
اس حوالہ سے کنٹرول روم کو بھی ہائی الرٹ رکھا گیا ۔ واٹر سپلائی عملہ کی طرف سے شہر میں فراہمی آب کو یقینی بنایا گیا تاکہ عید گاہ میں نماز عید کیلئے آنے والے شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور مساجد کےوضو خانوں کیلئے وافر پانی کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر سیکرٹریٹ نے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر لیک ویو پارک کا دورہ کیا تاکہ ٹریفک سہل روانی اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے ،ا س حوالہ سے انہوں نے تمام ایس او پیز کا جائزہ لیا اورعید تعطیلات کےد وران شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ لیک ویو پارک انتظامیہ اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو بھی اعتماد میں لیا گیا اور خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔