راولپنڈی ، اسلام آباد میں پولیس اور سکیورٹی فورسز نے عید الاضحیٰ فرائض کی انجام دہی میں گزاری

145

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):اسلام آباد اور راولپنڈی میں پولیس، سکیورٹی فورسز اور خدمات فراہم کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکاروں نے عیدالاضحیٰ فرائض کی انجام دہی میں گزاری۔ عید پر ہسپتالوں میں میڈیکل، پیرامیڈیکل سٹاف اور نرسنگ عملہ نے فرائض کی انجام دہی کی۔ ہسپتالوں میں عید کے موقع پر عملہ کے اراکین اور ڈاکٹرز کی طرف سے مریضوں کو پھول بھی پیش کئے گئے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس اہلکاروں نے بھی دن فرائض کی انجام دہی میں گزارا۔ عید گاہوں اور شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا تھا جس کے تحت عملے کی ڈیوٹیاں لگائی گئی تھیں۔ اسی طرح سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے شعبہ سینی ٹیشن ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام ، فائر فائٹرز، ریسکیو 1122، انوائرنمنٹ ڈائریکٹوریٹ ، واٹر سپلائی اور سول سروسز فراہم کرنے والے دیگر اداروں اور شعبوں کے عملہ نے بھی عید فرائض کی انجام دہی میں گزاری۔

عیدگاہوں اور تفریحی مقامات پر سکیورٹی انتظامات کے لئے عملہ کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی گئیں ۔ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی متحرک نظر آئے۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران نے ایدھی ہوم اور سی ڈی اے کی ڈمپنگ سائٹس کا بھی دورہ کیا اور صفائی پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے بہترین انتظامات پر عملے کی کوششوں کو سراہا۔ شہر کے مختلف مقامات پر ریسکیو ٹیمیں بھی الرٹ نظر آئیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ موسمی صورتحال کے پیش نظر ندی نالوں کی نگرانی کے لئے بھی خصوصی ڈیوٹیا ں لگائی گئیں جبکہ راول ڈیم اور سملی ڈیم کے گردونواح میں بھی سکیورٹی اہلکار تعینات تھے تاکہ کسی بھی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آ سکے۔ اس حوالہ سے کنٹرول روم کو بھی ہائی الرٹ رکھا گیا ۔

واٹر سپلائی عملہ کی طرف سے شہر میں فراہمی آب کو یقینی بنایا گیا تاکہ عید گاہ میں نماز کی دائیگی کے لئے آنے والے شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور مساجد کےوضو خانوں کے لئے وافر پانی کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سیکرٹریٹ نے لیک ویو پارک کا دورہ کیا تاکہ ٹریفک کی روانی اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے۔ ،ا س حوالہ سے انہوں نے تمام ایس او پیز کا جائزہ لیا اورعید تعطیلات کےد وران شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ لیک ویو پارک انتظامیہ اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو بھی اعتماد میں لیا گیا اور خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔