23.8 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومعلاقائی خبریںراولپنڈی ، تھانہ وارث خان کی کارروائی ،ایک زخمی ڈاکو سمیت3 ملزمان...

راولپنڈی ، تھانہ وارث خان کی کارروائی ،ایک زخمی ڈاکو سمیت3 ملزمان گرفتار

- Advertisement -

راولپنڈی۔19اپریل (اے پی پی):راولپنڈی کے تھانہ وارث خان کے علاقہ میں رات گئے ڈکیتی کے بعد فرار ہونے والے موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی،جوابی کارروائی میں ایک زخمی ڈاکو سمیت تین ملزمان گرفتار کر لیے جبکہ2ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضہ سے شہری سے چھینی گئی 10 لاکھ روپے کی مکمل رقم، موبائل فونز، گن پوائنٹ پر چھینا گیا موٹر سائیکل اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں ارسلان، قاسم اور زخمی حالت میں کاشف شامل ہیں۔ ملزمان جڑواں شہروں میں ڈکیتی، سنیچنگ، موٹر سائیکل چوری اور دیگر جرائم کی درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھے۔

- Advertisement -

واردات کی اطلاع 15 پر کال موصول ہونے کے بعد وارث خان پولیس نے علاقے میں سنیپ چیکنگ کا آغاز کیا جس دوران مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ پولیس نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلے کے بعد گینگ کے تین اراکین کو گرفتار کر لیا۔

فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ سٹریٹ کرائم میں ملوث گینگ کی گرفتاری اور مکمل مسروقہ رقم کی بازیابی پر سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے ایس پی راول، ڈی ایس پی وارث خان اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں اور پولیس پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584438

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں