28.2 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 17, 2025
ہومضلعی خبریںراولپنڈی ، مسلم لیگ ن لائرز فورم کے زیراہتمام ڈسٹرکٹ بار میں...

راولپنڈی ، مسلم لیگ ن لائرز فورم کے زیراہتمام ڈسٹرکٹ بار میں یوم تشکر کی تقریب

- Advertisement -

راولپنڈی ۔16مئی (اے پی پی):مسلم لیگ ن لائرز فورم راولپنڈی ڈسٹرکٹ و ڈویژن کے زیراہتمام راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار ہال میں یوم تشکر کی ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ کمیٹی برائے دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد عبدالقیوم تھے۔

تقریب میں مسلم لیگ ن لائرز فورم پنجاب، راولپنڈی ڈویژن، ڈسٹرکٹ بار اور ممبرانِ قومی اسمبلی سمیت وکلا کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ اس پرجوش تقریب میں ملکی حالات، بھارت کے خلاف حالیہ کشیدگی اور "آپریشن بنیان مرصوص” میں پاک فوج کی شاندار کامیابیوں پر خصوصی گفتگو کی گئی۔اپنے خطاب میں جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ پاکستان اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے، لیکن قوم کو اپنی بہادر افواج اور قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے "آپریشن بنیان مرصوص” میں دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے پر پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ کامیابی پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے وکلا برادری پر زور دیا کہ وہ آئین و قانون کی بالا دستی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں اور عوام میں شعور اجاگر کریں،الحمد للہ، آج کا دن ہم سب کے لیے فخر، تشکر اور عزمِ نو کا دن ہے۔ میں مسلم لیگ ن لائرز فورم راولپنڈی ڈسٹرکٹ و ڈویژن اور اس تقریب کے تمام منتظمین کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہمیں اس قومی موقع پر یکجا کیا۔آج ہم اس موقع پر جمع ہیں جہاں ہم نہ صرف اپنی افواجِ پاکستان کو اُن کی عظیم کامیابیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، بلکہ پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور امن کے لیے اجتماعی دعاؤں اور ارادوں کا اظہار بھی کرتے ہیں۔ہم سب جانتے ہیں کہ حالیہ دنوں میں بھارت کی طرف سے سرحدی کشیدگی اور اشتعال انگیزی میں اضافہ ہوا۔ دشمن نے جب بھی ہماری خودمختاری کو چیلنج کیا، ہماری بہادر افواج نے "آپریشن بنیان مرصوص” جیسے اقدامات کے ذریعے اُسے منہ توڑ جواب دیا۔

یہ آپریشن صرف ایک فوجی حکمتِ عملی نہیں بلکہ ایک قومی عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی یکجہتی کی علامت ہے۔ میں بحیثیت سابق سپاہی، قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ ہماری افواج ہر قیمت پر ملک کا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت اور پختہ ارادہ رکھتی ہیں۔ہمیں یہ بھی یاد رکھنا ہوگا کہ دفاع صرف بارڈر پر نہیں ہوتا، دفاع عدالتوں میں بھی ہوتا ہے، پارلیمان میں بھی، میڈیا میں بھی اور عوام کی صفوں میں بھی۔ وکلا برادری نے ہمیشہ جمہوریت، آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ میں اس فورم سے مخاطب ہوتے ہوئے وکلا کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آپ کی جدوجہد اس ملک کے وقار، انصاف اور آئینی دائرے کی ضمانت ہے۔ہماری حکومت، خصوصاً وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کو معاشی، سیاسی اور سفارتی لحاظ سے ایک مضبوط اور باوقار ریاست بنانے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔

ہم نے نہ صرف بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص بحال کیا ہے بلکہ اندرون ملک مہنگائی اور بدانتظامی کے اندھیروں سے نکلنے کا آغاز بھی کر دیا ہے۔میں نوجوان وکلا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہنا چاہتا ہوں کہ یہ وقت قومی تعمیر نو کا ہے۔ آپ کے الفاظ، دلائل اور آئینی علم ہی وہ اوزار ہیں جن سے ہم شدت پسندی، قانون شکنی اور معاشرتی بےچینی کا قلع قمع کر سکتے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ جمہوریت، قانون اور عدلیہ کی آزادی کی بات کی ہے۔آج ہم یومِ تشکر منا رہے ہیں، لیکن ساتھ ہی یہ دن ہمیں یہ یاد دہانی بھی کرواتا ہے کہ ہمیں مستقل طور پر چوکنا رہنا ہے۔ دشمن اپنی چالوں سے باز نہیں آ رہا، لیکن ہمیں داخلی طور پر متحد، پرعزم اور مستحکم ہونا ہے۔ ہم نے نہ صرف دشمن کے حملوں کو روکنا ہے بلکہ قوم کو ترقی، انصاف اور تعلیم کے ذریعے روشن مستقبل دینا ہے۔آخر میں، میں تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس وطن کی مٹی پر اپنا خون دے کر ہمیں آزادی، امن اور فخر کی فضا دی۔ اللہ تعالیٰ ہمارے وطن کو سلامت رکھے، ہماری افواج کو سرخرو کرے، اور ہمیں آئین، قانون اور انصاف کے راستے پر ثابت قدم رکھے۔ صدر مسلم لیگ ن لائرز فورم پنجاب رانا ظفر اقبال نے کہا کہ وکلا ہمیشہ جمہوریت کے نگہبان رہے ہیں، اور مسلم لیگ ن کی قیادت نے ہمیشہ عدلیہ اور قانون کی آزادی کی بات کی ہے۔

صدر راولپنڈی ڈویژن رزاق اے مرزا نے کہا کہ وکلا برادری مسلم لیگ ن کے ساتھ چٹان کی مانند کھڑی ہے اور آئندہ بھی ہر محاذ پر کردار ادا کرے گی۔ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے صدر اسرار الحق ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ قوم آج یوم تشکر اس لیے منا رہی ہے کہ اس نے اپنی افواج اور قیادت کی دانشمندی سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ ڈپٹی جنرل سیکرٹری راجہ خرم شہزاد اور نائب صدر خالد گھمن نے کہا کہ نوجوان وکلا کو آگے آ کر ملکی استحکام میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

نائب صدر نائلہ فیصل ملک، ملک صدیق اعوان، رخسانہ مغل، راجہ عبدالحمید، ناصر چوہان، راجہ منظر بشیر، اسد ایڈووکیٹ، اور دیگر مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور حکومت و افواجِ پاکستان کو وطن کے تحفظ میں عظیم خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔

اراکین قومی اسمبلی ہما چغتائی اور مہ جبین عباسی نے اس موقع پر کہا کہ وکلا مسلم لیگ ن کا قیمتی سرمایہ ہیں، اور ان کی حمایت سے جمہوری عمل مضبوط ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت وکلا کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔تقریب کا اختتام ملکی سلامتی، ترقی، اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا پر کیا گیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597877

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں