راولپنڈی بورڈ اپنی کارکردگی کے حوالے سے پہلے نمبر پر ہے،کنٹرولر امتحانات

118

راولپنڈی۔31جنوری (اے پی پی):کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر نے کہا ہے کہ راولپنڈی بورڈ اپنی کارکردگی کے حوالے سے پہلے نمبر پر ہے، وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس کے چیئرمین نے راولپنڈی بورڈ کو نمبر ون قرار دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن راولپنڈی ڈویژن تابندہ سلیم سے ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ہم پیپر سیٹرز نئے لگا رہے ہیں تاکہ امتحانات کو مزید شفاف بنایا جا سکے۔ امتحانات کے مؤثر نتائج حاصل کرنے کے لئے دو ہی چیزیں ضروری ہیں، ایک امتحانات کو کنڈکٹ کرنا اور دوسرا اس کی صحیح مارکنگ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بار امتحانات میں ان دونوں چیزوں پر سختی سے عمل کیا گیا ہے، ہماری کوشش ہے کہ تمام بچوں کو مساوی حقوق دیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ امتحانات سیکنڈ اینول میں مارکنگ ایویلیوایشن سسٹم بنایا ہے اور سینٹرز پر بھی تمام کوالیفائیڈ عملہ لگایا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سال 2025ء میں ہونے والے میٹرک کے امتحانات میں راولپنڈی ڈویژن کے تمام سینٹرز میں سی سی ٹی وی کیمرے فنکشنل ہوں گے، اب تعلیمی نظام کو آن لائن کر دیا گیا ہے جس کے تحت طلبہ اپنی ڈگری کی ویری فیکیشن، مارکنگ، نتائج اور سرٹیفکیٹس آن لائن حاصل کر سکتے ہیں ۔ آن لائن سسٹم کے تحت طلبہ اپنی رول نمبر سلپس بھی ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔