راولپنڈی تعلیمی بورڈ ،جماعت نہم کے پہلے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان

437

راولپنڈی ۔9اگست (اے پی پی):تعلیمی بورڈ راولپنڈی نے جماعت نہم کے پہلے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین کے مطابق چیئرمین بورڈ محمد عدنان خان اور کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے کانفرنس روم میں نتائج کا اعلان کیا، جماعت نہم کے امتحانات کے لئے 125715 امیدواران نے داخلہ بھجوایا جبکہ 123790 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں میں 61289 طلبا اور 62501 طالبات شامل تھیں ، امتحان میں 56749 امیدوار کامیاب ہوئے، 1622 امیدوار غیر حاضر رہے جبکہ امتحان میں کامیابی کا تناسب 45.84 فیصد رہا، طالبات کی کامیابی کا تناسب 56.84 فیصد جبکہ طلبا کی کامیابی کا تناسب 34.63 فیصد رہا۔

چیئرمین بورڈ محمد عدنان خان نے کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان، سابق کنٹرولر امتحانات پروفیسر ساجد محمود فاروقی اور پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نتائج کی تیاری میں میرٹ اور شفافیت کو مد نظر رکھا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ تمام بورڈ افسران اور ملازمین نے امتحانات کے دوران محنت اور لگن سے اپنے فرائض منصبی ادا کئے جو قابل ستائش ہے، انہوں نے کہا کہ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.biserawalpindi.edu.pk پر بھی ملاحظہ کئے جا سکتے ہیں ، طلبہ کی سہولت کے پیش نظر ان کے نتائج ان کے داخلہ فارم پر دیئے گئے موبائل نمبرز پر بھجوا دیئے گئے ہیں، ریگولر تعلیمی اداروں کو نتائج گزٹ ان کے پورٹل پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔