راولپنڈی ۔ 29 جنوری (اے پی پی) راولپنڈی سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ میں باجوہ کلب اور سٹار آئی سی سی اے نے اپنے اپنے میچ جیت لئے، ٹیسٹ کرکٹر حسن رضا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق آرمی ہیریٹیج فائونڈیشن کے زیر اہتمام راولپنڈی سپر لیگ کے مقابلے ایوب پارک گرائونڈ میں جاری ہیں۔ گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے میچ میں باجوہ کلب نے کلب 44 کو 6 وکٹوں سے ہرادیا، باجوہ کلب نے 103 رنز کا ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ دوسرے میچ میں سٹار آئی سی سی اے نے پنڈی کلب کو 62 رنز سے شکست دیدی، ٹیسٹ کرکٹر حسن رضا نے 85 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آئی سی سی اے کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے دو وکٹیں حاصل بھی کیں۔