راولپنڈی شاہ پیارہ مرکزی جلوس اختتام پذیر،21 سو سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں نے فرائض سرانجام دیئے

44

راولپنڈی ۔8جولائی (اے پی پی):راولپنڈی میں چوہڑ چوک شاہ پیارہ میں گیارہویں محرم الحرام کا جلوس پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں رات گئے اختتام پذیر ہو گیا۔پولیس کے مطابق آر پی او بابر سرفراز الپا،کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک،سی پی او سید خالد ہمدانی،ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار اور دیگر سینئر افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر ڈیوٹی کو چیک اور بریف کرتے رہے، 2100 سے زائد افسران واہلکاروں نے فول پروف سکیورٹی اور 200 سے زائد ٹریفک سٹاف نے فرائض سرانجام دیئے، محرم الحرام کے دوران مجموعی طور پر 8000 سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

آر پی او بابر سرفراز الپا کا کہنا تھا کہ سیف سٹی راولپنڈی و دیگر 2000 سے زائد کیمروں سے مانیٹرنگ کی گئی ہے، جلوس کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا گیا، حکومت پنجاب کی ہدایات اور ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کروایا گیا۔ سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق اورحکومت پنجاب کے احکامات پرمکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایات کے مطابق محرم الحرام میں فول پروف سیکورٹی کو ہمہ وقت یقینی بنانے کے لئے راولپنڈی پولیس شب و روز انتھک محنت و جانفشانی کے ساتھ سرگرم عمل ہے۔