27.7 C
Islamabad
منگل, مئی 13, 2025
ہومعلاقائی خبریںراولپنڈی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پاک فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی...

راولپنڈی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پاک فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے لیاقت باغ میں ریلی کا انعقاد

- Advertisement -

راولپنڈی۔12مئی (اے پی پی):راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پاک فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لئے لیاقت باغ میں ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر،صدر میونسپل لیبر یونین راجہ ہارون، سیکرٹری شاہد رضا پادری اور چیئرمین چنگیز بھٹی کی قیادت میں آر ڈبلیو ایم سی اور میونسپل کارپوریشن کے تین ہزار سے زائد ورکرز ریلی کی صورت میں آر ڈبلیو ایم سی آفس سے لے کر مری روڈ سے ہوتے ہوئے لیاقت باغ پہنچے۔

ریلی میں آر ڈبلیو ایم سی افسران ڈاکٹر حامداقبال،ناصر محمود،طارق خٹک،احسن عظمت ملک،عامرنائیک،حسن سردار،ملک عمیس اور دیگر نے بھی شرکت کی۔شرکا نے سبز ہلالی پرچم، آرمی چیف اور دیگر مسلح افواج کے سربراہان کی تصاویر والے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ ”پاکستان زندہ باد” اور ”پاک فوج پائندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ ریلی کے شرکاء نے بھارت مخالف نعروں کے ساتھ حالیہ آپریشن ’’بنیان مرصوص ‘‘کے شہداء اور غازیوں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا جبکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتی حکومت کو اپنی حد میں رہنے کی کھلی وارننگ دی گئی۔

- Advertisement -

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او آر ڈبلیو ایم سی رانا ساجد صفدر نے کہا کہ پاک فوج ہماری ملکی سلامتی کی ضامن ہے اور حالیہ دنوں میں دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے میں مسلح افواج کا کردار قابلِ تحسین ہے، ہم اپنے ادارے کے تین ہزار سے زائد ورکرز کے ہمراہ اپنے فوجی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر مشکل وقت میں ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری اپنے سپاہیوں کے ساتھ ہے اور ہم دشمن کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اگر میلی آنکھ سے اس وطن کی طرف دیکھا تو پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن جائے گی۔

صدر میونسپل لیبر یونین راجہ ہارون، سیکرٹری شاہد رضا پادری اور چیئرمین چنگیز بھٹی نے بھی اپنے خطاب میں پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کی حفاظت کے لئے جو بھی قربانی دینا پڑی، وہ دیں گے۔ انہوں نے آرمی چیف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ریلی میں دیگر سرکاری اداروں، سکولوں، کالجوں، تاجر تنظیموں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ یہ ریلی نہ صرف دشمن کے خلاف ایک طاقتور پیغام تھی بلکہ قومی یکجہتی، اتحاد اور حب الوطنی کی بہترین مثال بھی بنی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596171

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں