راولپنڈی ۔11فروری (اے پی پی):پنجاب حکومت نے راولپنڈی مال روڈ پر ٹریفک روانی کو بہتر بنانے کے لئے نئے انڈر پاس کی تعمیر کا منصوبہ جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،منصوبے کی تعمیر کے دوران ٹریفک کو رواں رکھنے کے لئے متبادل راستوں کا پلان بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔
اس حوالے سے چیف ٹریفک آفیسر بینش فاطمہ نے میڈیا کو بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے راولپنڈی مال روڈ پر انڈر پاس کی تعمیر کا منصوبہ جلد شروع کیا جا رہا ہے۔ اس دوران ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو برقرار رکھنے کے لیے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے جامع متبادل ٹریفک پلان ترتیب دے دیا ہے۔ مال روڈ پر اضافی ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تعمیراتی کام کے دوران مال روڈ کو ایم ایچ اسپتال سے ٹی ایم چوک تک عارضی طور پر مکمل بند کر دیا جائے گا۔ اس بندش کے پیش نظر ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کرنے کے اقدامات کیے گئے ہیں۔ ایم ایچ چوک سے ٹی ایم چوک کی طرف جانے والی ٹریفک کو مال روڈ کے متوازی حیدر روڈ پر منتقل کیا جائے گا جہاں سے گاڑیاں مری روڈ اور کچہری چوک کی جانب باآسانی جا سکیں گی۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) راولپنڈی بینش فاطمہ نے کہا کہ انڈر پاس کی تعمیر کے دوران متبادل راستوں پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو سٹی ٹریفک پولیس کی ایڈوائزری پر عمل کرنا چاہیے اور متبادل راستے اختیار کرنے چاہئیں تاکہ تعمیراتی کام کے دوران کسی پریشانی سے بچا جا سکے۔