راولپنڈی میں اجتماعی زیادتی و قتل کے مقدمہ میں نامزد چار مجرمان کو دو دو بار سزا ئے موت کا حکم

43

راولپنڈی۔12جون (اے پی پی):راولپنڈی کی مقامی عدالت نےاجتماعی زیادتی و قتل کے مقدمہ میں نامزد چار مجرمان کو دو دو بار سزا ئے موت کا حکم سنا دیا ہے ۔جمعرات کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی افشاں اعجاز صوفی نے اجتماعی زیادتی و قتل کے مقدمہ میں ملزمان محمد وقاص ، آصف ، نقاش اور بلال کو جرم ثابت ہونے پر دو دو دفعہ سزائے موت اور جرمانہ کی سزا سنائی ۔ملزمان نے سال 2024 میں جیل مقید حوالاتی سبیل ولد کرامت کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد از زیادتی کپڑے سے گلا دبا کر قتل کر دیا تھا۔ جس پر سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل اڈیالہ کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 1/24 بجرم 302/375-A/34 تھانہ صدر بیرونی درج رجسٹر ہوا تھا ۔

مقدمہ کے اندراج کے بعد پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ کی ہدایت پر مقدمہ کو ہائی پروفائل ڈیکلیئر کیا گیا اور ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر راولپنڈی میاں عمران رحیم کی سربراہی میں پراسکیوشن ٹیم تشکیل دی گئی جس میں رحمان شوکت بھٹی ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر اور مرید رضا اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر راولپنڈی بھی شامل تھے ۔ پراسیکیوشن ٹیم نے مقدمہ کے اندراج کے بعد تفتیشی افسر کو گائیڈ لائن،لائن آف انکوائری جاری کی اور ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت بھجوایا ۔عدالت میں مقدمہ کی پیروی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر میاں عمران رحیم کی سربراہی میں پراسکیوشن ٹیم نے کی اور ٹھوس و مضبوط دلائل سے عدالت کو مطمئن کیا ۔

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے اس بے مثال کامیابی پر ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر راولپنڈی میاں عمران رحیم اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور شاباش دی۔