راولپنڈی میں امن و امان کے پیش نظر دفعہ 144نافذ،شہر بھر میں پولیس کی بھاری نفری تعینات

128

راولپنڈی۔26جولائی (اے پی پی):سٹی پولیس افسر سید خالد ہمدانی کی سربراہی میں امن و امان کے پیش نظر راولپنڈی پولیس نے حفاظتی انتظامات مکمل کرتے ہوئے شہر بھر میں سیاسی اجتماع و ریلیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ اور دفعہ 144 نافذ العمل ہے، کسی بھی مقام پر غیر قانونی اجتماع یا ریلی کی اجازت نہیں ہے، خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی،راولپنڈی پولیس کے 3000 سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی پر تعینات کئے گئے ہیں،شہر بھر میں مری روڈ، میٹرو سٹیشنز اور دیگر اہم مقامات و تنصیبات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہیں،شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی جاری ہے،تمام سینئر افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر ڈیوٹی کو چیک اور بریف کر رہے ہیں،غیر قانونی اجتماع یا ریلی میں شرکت یا اس کی ترغیب دینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔

سی پی اوسید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ قانون کی بالا دستی اور شہریوں کی جان ومال کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں، فول پروف سیکورٹی اور موثر ٹریفک انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔