راولپنڈی۔1جون (اے پی پی):راولپنڈی میں انسداد پولیو مہم اپنے ساتویں روز میں داخل ہو گئی ہے جہاں راولپنڈی پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے موثر انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ پولیس کے 1600 سے زائد افسران اور اہلکار پولیو ورکرز کی 218 ٹیموں کے ساتھ سکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں تاکہ مہم بخیر و خوبی مکمل ہو سکے۔
ترجمان پولیس کے مطابق شہر بھر میں تھانوں کی موبائل گاڑیاں، ڈولفن فورس اور محافظ اسکواڈ مسلسل گشت کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ پولیس افسران کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
راولپنڈی پولیس کی جانب سے والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے اور پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنایا جا سکے۔