راولپنڈی۔14ستمبر (اے پی پی):راولپنڈی میں انسداد پولیو مہم "کیچ اپ” مرحلے میں داخل ہو گئی ہے، ویکسین سے محروم بچوں کو قطرے پلانے کے لئے موٹر سائیکل موبلائزرز اور ڈھول والے بھی میدان میں آگئے ہیں، ہفتے کے روز راولپنڈی کی یونین کونسل 6 اور 8 میں ڈھول کی تھاپ پر بچوں اور بڑوں نے روایتی رقص کا شاندار مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر ترجیحی آبادیوں نے پولیو ٹیموں کے کام کو سراہا جبکہ ویکسین سے محروم بچوں کو قطرے بھی پلائے گئے، راولپنڈی میں 10 موٹر سائیکل موبلائزرز پولیو ٹیموں کے ساتھ ڈیوٹی دے رہے ہیں جبکہ 20 ڈھول والے مختلف یونین کونسلوں میں پولیو ٹیموں کے ساتھ تعینات ہیں جن کی مدد سے اعلانات کئے جا رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ غیر روایتی طریقوں سے تشہیر کا مقصد شہریوں کی پولیو کی جانب توجہ مبذول کرانا ہے۔