راولپنڈی۔1مارچ (اے پی پی):راولپنڈی میں رمضان المبارک کے لئے خصوصی سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایات کے مطابق مساجد، امام بارگاہوں، بازاروں کے لئے 2 ہزار سے زائد افسر و اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے جبکہ تھانوں کی موبائلز، ڈولفن و محافظ ٹیمیں بھی خصوصی پٹرولنگ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ سحر و افطار کے اوقات میں خصوصی سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ راولپنڈی میں 8 رمضان سہولت بازاروں میں بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رمضان سہولت بازاروں پر 250 سے زائد افسر و اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ علامہ اقبال پارک، حیدری چوک، چوہڑ ماڈل بازار، دین پلازہ ٹیکسلا، چک بیلی خان، حیات سر روڈ گوجر خان، کہوٹہ بازار اور مرید چوک کلر سیداں میں رمضان سہولت بازاروں کے سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ سی پی او نے مزید کہا شہر بھر میں خصوصی پٹرولنگ اور سنیپ چیکنگ پلان پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
سینئر افسران خود فیلڈ میں رہ کر سکیورٹی انتظامات اور شہریوں کی سہولت کو یقینی بنانے کے اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور شہریوں کی سہولت کو یقینی بنانے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔