راولپنڈی ۔4فروری (اے پی پی):سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں سٹریٹ کرائم کی روک تھام اور منشیات کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کیا جائے،تھانے کی سطح پر شہریوں کے مسائل کا حل یقینی بنایا جائے اور شہریوں کے مسائل کے حل میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔
یہ بات انہوں نے منگل کو راولپنڈی کے تھانہ نصیرآباد پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے دورہ کے دوران کہی ۔سی پی او نے تھانے کے ریکارڈ، فرنٹ ڈیسک، حوالات، عمارت اور نفری کا جائزہ لیا۔ سی پی او نے فرنٹ ڈیسک پر شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں کا سٹیٹس چیک کیا۔
سی پی اونے فرنٹ ڈیسک سٹاف کو شہریوں کی درخواستوں پر فوری کارروائی کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔ سی پی او نے سنگین مقدمات کی پراگریس اور تفتیش کا جائزہ لیا اور میرٹ پر تفتیش کرتے ہوئے بروقت چالان داخل کرنے کی ہدایات دیں۔