راولپنڈی۔1اپریل (اے پی پی):راولپنڈی میں عید الفطر کے دوسرے روز بھی گہما گہمی جاری رہی اور شہریوں نے تفریحی مقامات کا رخ کیا۔ ضلع بھر میں کسی بھی ناخشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے راولپنڈی پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے۔ عید کا دوسرا روز بچوں اور بڑوں نے سیر و تفریح، مزے مزے کے کھانے اور ٹھنڈی آئس کریم کے ساتھ خوب انجوائے کیا۔
شہریوں کی بڑی تعداد نے عید کا دوسرا روز بھرپور طریقے سے منانے کے لیے پارکوں اور تفریح گاہوں کا رخ کیا جس کے باعث ان مقامات پر رش دیکھنے کو ملا۔ بچے عیدی کے پیسے خرچ کرنے کے لیے تفریح گاہوں، پارکوں میں جھولے جھولنے اور مزیدار کھانے کھانے میں مصروف نظر آئے۔ ایوب پارک، اقبال پارک، جناح پارک، شہباز شریف پارک، چلڈرن پارک، سیٹلائٹ ٹاؤن فیملی پارک، 502 پارک اور دیگر تفریحی مقامات پر ہزاروں کی تعداد میں بچے، بوڑھے اور جوان اپنی فیملیز کے ہمراہ عید کی خوشیاں منانے پہنچے۔
چلنے پھرنے سے معذور افراد بھی ویل چئیر پر مختلف پارکوں میں سیر کرتے نظر آئے۔ بزرگ شہری محمد صدیق نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید الفطر رمضان المبارک کے اختتام پر مسلمانوں کے لیے اللہ کی طرف سے ایک انعام ہے۔ یہ تہوار نہ صرف مذہبی اہمیت رکھتا ہے بلکہ محبت، یگانگت، اخوت اور خاندانی روابط کو بھی مضبوط کرتا ہے۔
نوجوان شہری محمد اذان کا کہنا تھا کہ عیدالفطر خوشی اور شکرانے کا دن ہے جو روزے، عبادت اور تقویٰ کے بعد نصیب ہوتا ہے۔ اسلامی نقطہ نظر سے عید الفطر محض خوشی کا موقع نہیں بلکہ ایثار، محبت اور شکر گزاری کا اظہار بھی ہے۔ اس دن کی سب سے بڑی خوبی صدقہ فطر ہے جو غریبوں کو خوشیوں میں شریک کرنے کا ذریعہ ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577817