راولپنڈی میں مسیحی برادری نے کرسمس کا تہوار روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا

163
Christmas
Christmas

راولپنڈی۔25دسمبر (اے پی پی):ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں مسیحی برادری نے کرسمس کا تہوار روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا، گرجا گھروں اور مسیحی بستیوں میں خصوصی عبادات سمیت ملک و قوم کی سلامتی ، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا اور کیک کاٹنے کی تقریبات منعقد ہوئیں۔

کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چھٹہ اور آر پی او راولپنڈی سید خرم علی نے کیتھولک چرچ لال کرتی کا دورہ کیا اور سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا ، کمشنر اور آر پی او نے ڈاکٹر جوزف اشرف کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا ، ضلعی پولیس کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے گرجا گھروں اور دیگر تفریحی مقامات پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ، راولپنڈی پولیس کے 5000 سے زائد افسران اور اہلکاروں نے کرسمس کے موقع پر فرائض انجام دیئے

، مسیحی برادری نے اپنے مقدس تہوار کو منانے کے لئے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا، پادری صاحبان نے حضرت عیسیٰ کی تعلیمات پر روشنی ڈالی، گرجا گھروں میں خصوصی سروسز کا انعقاد کیا گیا اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ قدرتی آفات اور بیماریوں سے تمام انسانیت کی حفاظت کے لئے دعائیں کی گئیں۔