راولپنڈی میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ

59

راولپنڈی۔29مئی (اے پی پی):راولپنڈی میں امن و امان ،شہریوں کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کیلئے نیشنل ایکشن پلان کے تحت غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔پولیس ترجمان کے مطابق کرایہ داروں اور گھریلو و دیگر ملازمین کی رجسٹریشن اپنے متعلقہ تھانہ یا خدمت مرکز میں ضرور کروائیں،اپنے ارد گرد جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور شناخت کے لیے کرایہ داروں کا اندراج انتہائی ضروری ہے، شہری اپنے گھروں اور کام کی جگہوں کو محفوظ بنانے کے لیے ملازمین کی رجسٹریشن کو ضروری بنائیں، جن افراد کو ملازمت یا بطور کرایہ دار رکھ رہے ہیں ان کا کریمینل ریکارڈ چیک کیا جانا ضروری ہے

نقب زنی کی بیشتر وارداتوں میں غیر تصدیق شدہ گھریلو ملازمین ملوث ہوتے ہیں، سیکورٹی مقاصد، امن و امان اور شہریوں کی اپنی حفاظت کے لیے کرایہ داری اور ملازمین کے کوائف کا اندراج یقینی بنائیں، آپکی سیفٹی اور اردگرد رہنے والے شہریوں اور ان کے جان و مال کی حفاظت کے لیے یہ اندراج موثر اقدام ہے، ایس ایس پی آپریشنزکاشف ذوالفقار کا کہنا تھا کہ کرایہ داروں اور ملازمین کی رجسٹریشن نا کروانے والے شہریوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائے جائے گی،شہریوں سے التماس ہے کہ وہ اپنی اور عوام الناس کی جان و مال حفاظت کے پیش نظر کرایہ داروں کی رجسٹریشن اور ملازمین کا اندراج متعلقہ تھانہ یا خدمت مرکز میں ضرور کروائیں۔