اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):راولپنڈی میں چیمپیئنز ٹرافی کے میچز کے موقع پر جڑواں شہروں راولپنڈی/اسلام آباد میں موٹروے اور جی ٹی روڈ پشاور سے آنے والی ہیوی ٹریفک کا شہر میں داخلہ بند رہے گا، موٹروے پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے باہم مشاورت کے بعد شیڈول جاری کردیا۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق راولپنڈی میں چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے میچز 24، 25 اور 27 فروری کو منعقد ہوں گے، کرکٹ ٹیموں کی محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنا نے کے لئے اس دوران ہیوی ٹریفک کا داخلہ صبح7.30 بجے سے رات 1.30 بجے تک بند رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پشاور سے براستہ جی ٹی روڈ آنے والی ایچ ٹی وی ٹریفک کو مارگلہ اور ٹیکسلا کے مقام پر روکا جائے گا۔ ایم-1 پشاور سے براستہ موٹر وے آنے والی ایچ ٹی وی ٹریفک کو برہان انٹر چینج ، ایم-2 لاہور سے براستہ موٹروے آنے والی ایچ ٹی وی ٹریفک کو چکری انٹر چینج اور لاہور سے براستہ جی ٹی روڈ آنے والی ایچ ٹی وی ٹریفک کو مندرہ ٹول پلازہ کے مقام پر روکا جائے گا۔ مری اور آزاد کشمیر سے آنے والی ایچ ٹی وی ٹریفک کو سترہ میل ٹول پلازہ سے 20 کلومیٹر پہلے روکا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565085