راولپنڈی۔ 14 نومبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی ڈاکٹر آصف خان نیازی نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں میں بتدریج کمی آ رہی ہے اور گزشتہ دو دنوں سے مریضوں کی تعداد بالترتیب 69 اور 65 ہے۔
یہ اجلاس میں انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے مریضوں میں کمی یکم نومبر سے شروع ہوئی جب روزانہ مریضوں کی تعداد 100 سے کم ہونا شروع ہوئی جبکہ 31 اکتوبر کو ڈینگی سے متاثر ہونے والے مریض کی تعداد 131 تھی۔ انہوں نے کہا کہ رواں برس سب سے زیادہ 174 مریض اکتوبر کے مہینے میں ہی رپورٹ ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے مریضوں میں کمی کی بنیادی وجہ مربوط انڈور سرویلنس کا نظام ہے اور اس حوالے سے محکمہ صحت راولپنڈی نے ستمبر کے مہینے ہی سے جامع اقدامات کرنے شروع کئے۔ انہوں نے کہا کہ گھروں سے باہر درجہ حرارت میں کمی کے بعد ڈینگی مچھر پناہ لینے گھروں کے اندر زیادہ متحرک ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی فیلڈ سٹاف نے متعلقہ اداروں کے تعاون سے انڈور سرویلنس پر خصوصی توجہ دی۔
انہوں نے کہا کہ پوٹھوہار ٹاؤن کا علاقہ ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جسکی وجہ سے کنٹرول کیلئے خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمے متحرک ہیں تاکہ ڈینگی کے مریضوں میں کمی کا رجحان جاری رہے جبکہ شہری احتیاطی تدابیر جاری رکھیں کیونکہ کوتاہی سے متاثرین کی تعداد دوبارہ بڑھ سکتی ہے