راولپنڈی میں گاڑی چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کے حوالے سے سی پی او کی سربراہی میں اجلاس کا انعقاد

148
گاڑی چوری

راولپنڈی ۔9اکتوبر (اے پی پی):ضلع راولپنڈی میں گاڑی و موٹرسائیکل چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کے حوالے سے سٹی پولیس آفیسر سید خالد ہمدانی کی سربراہی میں پیر کو پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز فیصل سلیم، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوزاورسی آئی اے افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سال100سے زائد گاڑیاں اور 1200کے قریب موٹرسائیکل برآمد کئے گئے ہیں۔سی پی اوسید خالد ہمدانی نے کہاکہ اب ہمیں اسی عزم سے کار چوروں اور منشیات فروشوں کے خلاف مزید کارروائیاں کرنا ہیں، کار چوری میں ملوث گرفتار ملزمان کے گینگز کے دیگر ارکان کو بھی گرفت میں لایا جائے،

منشیات کے خلاف مزید کام کی ضرورت ہے،سزا یافتہ منشیات فروشوں کی جائیداد قرقی کے لئے قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے،موٹرسائیکل چوروں کے خلاف بھی بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جائے، سابقہ ریکارڈ یافتہ موٹرسائیکل چوروں کو بھی شامل تفتیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 15روز بعد موٹرسائیکل چوری کی روک تھام اورملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔