راولپنڈی پولیس نے ڈکیتی، موٹر سائیکل چوری اور دیگر جرائم میں ملوث گینگز کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران 5 گینگز کے 8 ملزمان کو گرفتار کرکے مسروقہ موٹر سائیکلیں، نقدی، موبائل فون، لیپ ٹاپ، اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔
راولپنڈی میں 5 گینگز کے 8 ملزمان گرفتار، مسروقہ موٹر سائیکلیں، نقدی اور اسلحہ برآمد
راولپنڈی۔24جون (اے پی پی):راولپنڈی پولیس نے ڈکیتی، موٹر سائیکل چوری اور دیگر جرائم میں ملوث گینگز کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران 5 گینگز کے 8 ملزمان کو گرفتار کرکے مسروقہ موٹر سائیکلیں، نقدی، موبائل فون، لیپ ٹاپ، اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔پولیس ترجمان کے مطابق گنجمنڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو رکنی گینگ کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے 5 مسروقہ موٹر سائیکل، چھینی گئی 19 ہزار روپے نقدی، موبائل فون، اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کیا۔گرفتار ملزمان میں ایک رکن پہلے سے ڈکیتی کے مقدمہ میں اشتہاری اور پولیس کو مطلوب تھا۔ترجمان کے مطابق دیگر کارروائیوں میں نصیر آباد پولیس نے گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کرکے 3 مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کیے جبکہ پیرودہائی پولیس نے دو رکنی گینگ کو گرفتار کرکے لیپ ٹاپ، موبائل فون، چھینی گئی 35 ہزار روپے نقدی اور اسلحہ برآمد کیا۔ مندرہ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر کے چھینے گئے 4 موبائل فون، 30 ہزار روپے نقدی اور دیگر سامان برآمد کیا جبکہ صادق آباد پولیس نے دو رکنی گینگ کو گرفتار کرکے 13 ہزار روپے نقدی اور اسلحہ برآمد کر لیا۔ایس پی راول سعد ارشد نے کہا کہ شہریوں کو قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا۔









