راولپنڈی۔ 03 جولائی (اے پی پی):راولپنڈی میں 7ویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے پیش نظر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے جلوس کے طے شدہ روٹ پر صفائی و ستھرائی کے شاندار انتظامات کیے، جسے شہری و مذہبی حلقوں کی جانب سے سراہا گیا۔جلوس کا آغاز صادق آباد کی نشتر سٹریٹ سے ہوا، جو ٹرانسفارمر چوک، کری روڈ ، چاہ سلطان، گلاس فیکٹری چوک، ظفر الحق روڈ، لیپروسی ہسپتال، مری روڈ، کمیٹی چوک، اقبال روڈ، کالج روڈ اور راجہ بازار سے ہوتا ہوا پرانے قلعےاور پل شاہ نذر دیوان کے راستے امام بارگاہ قدیمی راجہ بازار تک جاری رہا۔آر ڈبلیو ایم سی نے جلوس کے آغاز سے قبل جلوس کے پورے روٹ پر خصوصی صفائی مہم چلائی، جس میں سڑکوں کی جھاڑو سے صفائی، کچرا اٹھانے، سیوریج کی صفائی، چونے کا چھڑکاؤ، اور ڈس انفیکشن اسپرے شامل تھا۔
جلوس کے دوران کمپنی کا عملہ پوری طرح متحرک رہا اور کسی بھی قسم کی کوتاہی سے بچنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر رسپانس ٹیمیں تعینات کی گئیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے اس موقع پر کہا کہ محرم الحرام کے تقدس اور عزاداروں کے احترام کے پیش نظر آر ڈبلیو ایم سی نے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لاتے ہوئے صفائی انتظامات کو فول پروف بنایا ہے۔ 7ویں محرم کے جلوس کے دوران تمام افسران و صفائی عملہ فیلڈ میں موجود رہے اور ہم نے یقینی بنایا کہ کسی مقام پر کوتاہی نہ ہو۔ ہمارا مشن شہریوں کو صاف، صحت مند اور باوقار ماحول فراہم کرنا ہے، اور یہ مہم اسی عزم کا حصہ ہے۔کمپنی کی جانب سے 10 محرم الحرام (عاشورہ) کے لیے بھی صفائی کا گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ تمام مرکزی اور ذیلی جلوسوں کے روٹس، مجالس کے مقامات، امام بارگاہوں اور ان سے ملحقہ گلیوں
چوراہوں اور بازاروں کو زیرو ویسٹ کیا جا رہا ہے۔ چونے کا بھرپور چھڑکاؤ اور ڈس انفیکشن اسپرے کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کے نظام کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت اور صاف ستھرا ماحول میسر ہو۔جلوسوں کے اختتام پر دوبارہ صفائی اور واشنگ کا عمل مکمل کیا جا ئے گا تاکہ کسی قسم کی بدبو، گندگی یا کوڑا کرکٹ باقی نہ رہے۔شہری، منتظمین اور عزاداروں نے RWMC کی بروقت، مؤثر اور مخلصانہ کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ محرم الحرام کے باقی ایام میں بھی صفائی کا یہ اعلیٰ معیار برقرار رکھا جائے گا