راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عید الاضحی صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا

73

راولپنڈی۔12جولائی (اے پی پی):راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی) نے عید الاضحی صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل کرتے ہوئے تین دنوں میں راولپنڈی اور اسکی تحصیلوں سے تقریباً 9000 ٹن سے زائد قربانی کے جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے لگا دیں، صفائی کے حوالے سے موصول ہونے والی تمام 650 سے زائد شکایات کو حل کر دیا گیا، صفائی آپریشن میں 3663 ورکرز اور 435 گاڑیوں نے حصہ لیا، آلائشیں ڈالنے کے لئے شہریوں میں 2 لاکھ ویسٹ بیگز تقسیم کئے گئے، کمشنر راولپنڈی نورالامین مینگل نے اس عید صفائی آپریشن کی خود نگرانی کی، صفائی کا جائزہ لینے کے لئے شہر کے دورے بھی کئے، صفائی میں بہتری کے لئے موقع پر ہدایات بھی جاری کیں،

کمشنر راولپنڈی ڈویژن نورالامین مینگل کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق نے ایم ڈی آر ڈبلیو ایم سی اویس منظور تارڑ کے ہمراہ عید کے تینوں دن شہر کا دورہ کر کے صفائی کا جائزہ لیا، کمشنر راولپنڈی نے عید الاضحی صفائی آپریشن کا جائزہ لینے کے لئے اندرون شہر تنگ گلیوں میں بھی جا کر صفائی کی صورتحال دیکھی اور شہریوں کے تاثرات بھی لئے، انہوں نے شہر بھر میں صفائی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایم ڈی آر ڈبلیو ایم سی اویس منظور تارڑ اور تمام عملے کو سراہا، انہوں نے سینیٹری ورکرز کے کام کو سراہتے ہوئے انہیں فرنٹ لائن سولجر قرار دیا اور کہا کہ سینیٹری ورکرزکی انتھک محنت اور لگن کی بدولت ایک مشکل ٹاسک ہم مکمل کر پائے ہیں،

آپ نے اپنی چھٹیوں اور عید کی خوشیوں کی قربانی دے کر شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جس پر سب خراج تحسین کے مستحق ہیں، ایم ڈی نے انہیں آگاہ کیا کہ 72 گھنٹو ں تک ورکرز مسلسل مختلف شفٹوں میں کام کرتے رہے، ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اویس منظور تارڑ اور سینئر مینیجر آپریشنز محمد حسنین نے عید الاضحی صفائی آپریشن کی نگرانی خود کی، آر ڈبلیو ایم سی آفس میں قائم کنٹرول روم میں شکایات کی وصولی اور فوری حل کے لئے مینیجر ایم آئی ایس احسن عظمت ملک کی قیادت میں تمام سٹاف 24 گھنٹے مختلف شفٹوں میں کام کرتا رہا، آر ڈبلیو ایم سی کی موبائل ایپ کے ذریعے شہریوں کو صفائی آپریشن کی ہر لمحے کی تفصیلات سے آگاہ کیا جاتا رہا،

کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے موبائل ایپ پر صفائی آپریشن کی تفصیلات کی فراہمی کے اقدام کو بھی سراہا، آر ڈبلیو ایم سی کا صفائی آپریشن عید سے ایک دن قبل شروع ہوا جو عید کے تیسرے دن تک بلا تعطل جاری رہا، عید کے پہلے روز 4066 ٹن اور دوسرے روز 3657 ٹن آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں، آر ڈبلیو ایم سی کے3663 سے زائد سینیٹری ورکرز نے عید سے ایک دن قبل شروع ہونے والے عید صفائی آپریشن میں مختلف شفٹوں میں فرائض انجام دیئے، چھٹیاں منسوخ ہونے کے باعث آر ڈبلیو ایم سی کا تمام عملہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے لئے فیلڈ اور آفس میں موجود رہا، عید کے پہلے روز آر ڈبلیو ایم سی کے ورکرز نے عید نمازکے فوری بعد قربانی کا سلسلہ جاری ہوتے ہی شہر اور اس کی تحصیلوں سے آلائشیں اٹھانا شروع کر دیا،

آلائشوں و دیگر فضلہ جات کی ترسیل کے لئے435 چھوٹی بڑی گاڑیاں، منی ڈمپرز اور ہتھ ریڑھیاں استعمال کی گئیں، تنگ گلیوں میں ہاتھ ریڑھی سے آلائشیں اٹھائی گئیں، شہر اور تحصیلوں میں 17 مستقل اور 43 موبائل ٹرانسفر سٹیشن بنائے گئے جنہیں تیسرے دن عید صفائی آپریشن مکمل ہوتے ہی ختم کر دیا گیا، فینائل سے واشنگ کرنے کے بعد چونا پھینکا گیا، صفائی آپریشن کے خاتمے پرشہر بھر میں چونے کا بھاری مقدار میں استعمال کیا گیا جبکہ بدبو کے خاتمے کے لئے فنائل سے قربان گاہوں اور کنٹینرز کو دھویا گیا،

عیدالاضحی کے تیسرے روز ایم ڈی آر ڈبلیو ایم سی کے 12خصوصی عید آگاہی کیمپوں میں شہریوں کو قربانی کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لئے ویسٹ بیگز، معلومات ،کمپلینٹ نمبرز پر مشتمل پمفلٹس تقسیم کئے گے، شکایات کا اندراج بھی کیا گیا، عید کے دنوں میں شکایات کے اندراج کے لئے ہیلپ لائن نمبرز، سوشل میڈیا اکائونٹس مکمل طور پر فعال رہے، شکایات کے اندراج پر فوری طور پر ان کا ازالہ کیا جاتا رہا، کنٹرول روم کے ذریعے ہیلپ لائن کی مانیٹرنگ کی گئی۔