راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے ڈویژن بھر میں خصوصی آپریشنز کا آغاز کر دیا

40
Rawalpindi Waste Management Company
Rawalpindi Waste Management Company

راولپنڈی۔ 04 جولائی (اے پی پی):عاشورہ کے جلوسوں کے دوران صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے راولپنڈی ڈویژن بھر میں خصوصی آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت اور ”ستھرا پنجاب پروگرام” کے ویژن کے تحت صفائی کی سرگرمیاں جاری ہیں۔سی ای او رانا ساجد صفدرکی قیادت میں راولپنڈی، چکوال، جہلم، اٹک، مری اور تلہ گنگ سمیت پورے ڈویژن میں عاشورہ کے جلوسوں کے راستوں، امام بارگاہوں، مجالس گاہوں اور مرکزی شاہراہوں پر خصوصی صفائی آپریشنز جاری ہیں۔ تمام اہم مقامات پر مشینری، صفائی عملہ اور نگرانی کا مربوط نظام وضع کیا گیا ہے۔

راولپنڈی شہر میں عاشورہ کے جلوس کے مرکزی روٹس پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جن میں فوارہ چوک،راجہ بازار،جامع مسجد روڈبنی چوک،وارث خان روڈ،گنج منڈی،کرنل مقبول روڈامام بارگاہ عاشق حسین (بوہڑ بازار)،قدیمی امام بارگاہ شامل ہیں۔ ان روٹس پر صفائی کے خصوصی آپریشنز کے تحت پانی سے دھلائی، چونے کا چھڑکاؤ اور لائم لائننگ کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔ سی ای او رانا ساجد صفدر نے فیلڈ ٹیمز کو ہدایت جاری کی ہے کہ عاشورہ کے دوران تمام جلوسوں کے راستوں پر 24 گھنٹے صفائی عملہ موجود رہے گا جبکہ اضافی کنٹینرز، ویسٹ کولیکشن پوائنٹس اور موبائل واشنگ یونٹس بھی تعینات کیے جا رہے ہیں۔چکوال، تلہ گنگ اور جہلم میں جلوس روٹس اور مجالس گاہوں پر خصوصی صفائی آپریشنز مکمل کر لیے گئے ہیں،مری میں سخت موسمی حالات کے باوجود صفائی عملہ متحرک ہے۔

ا ٹک میں ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے فیلڈ ٹیمز کو ہنگامی بنیادوں پر تعینات کر دیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ”ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت محرم الحرام کے دوران صفائی کے بہترین انتظامات کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو بروقت اور جامع اقدامات کی ہدایت کی ہے۔راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ صفائی عملے کے ساتھ تعاون کریں، کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر ڈالیں، اور صفائی کے عمل کو مؤثر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔