راولپنڈی۔ 19 مارچ (اے پی پی):سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر کی قیادت میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا رمضان المبارک کے دوران راولپنڈی ڈویژن کی تمام تحصیلوں میں گرینڈ صفائی آپریشن جاری ہے جس کے تحت شہر کے تمام اہم مقامات، بازاروں، مساجد اور عوامی مقامات کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
رمضان المبارک کے آخری عشرے میں تکمیلِ قرآن پاک کے پیش نظر مساجد اور ان کے ملحقہ علاقوں میں صفائی کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔ ان ٹیموں کی نگرانی میں مساجد کے اندرونی و بیرونی حصوں، وضو خانوں، گلیوں اور اردگرد کے مقامات کی بھرپور صفائی کی جا رہی ہے تاکہ نمازیوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عیدالفطر کے موقع پر تمام شہروں کو زیرو ویسٹ بنانے کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
اس مہم کے تحت کچرا اٹھانے کے عمل کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے اور اضافی مشینری کے ساتھ ساتھ اضافی عملہ بھی تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔ شہر بھر میں کوڑا کرکٹ کی بروقت نکاسی، گلیوں اور بازاروں کی دھلائی اور کچرے کے ڈھیروں کے فوری خاتمے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ رمضان بازاروں میں عوام کی سہولت کے پیش نظر صفائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر ان بازاروں میں کوڑا اٹھانے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، جو دن میں کئی بار صفائی کے عمل کو مکمل کر رہی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کو صفائی کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی دینے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او رانا ساجد صفدر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صفائی مہم میں اپنا کردار ادا کریں اور کوڑا کرکٹ کو مقررہ مقامات پر ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر صاف ستھرا ماحول قائم رکھنا ممکن نہیں اور ہم سب کو مل کر اپنے شہروں کو صاف رکھنے میں کردار ادا کرنا ہوگا، صفائی کی یہ مہم عیدالفطر کے بعد بھی جاری رہے گی تاکہ عوام کو صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔