راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کےمحرم الحرام کے دوران مثالی انتظامات ،ڈویژن کے تمام اضلاع و تحصیلوں میں بھرپور صفائی مہم جاری

12

راولپنڈی۔ 02 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے محرم الحرام کے دوران صفائی کے مثالی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع و تحصیلوں میں بھرپور صفائی مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر آر ڈبلیو ایم سی رانا ساجد صفدر کی قیادت میں جاری اس خصوصی آپریشن کے تحت راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، مری اور تلہ گنگ کی تحصیلوں میں محرم کے جلوسوں کی گزرگاہوں، امام بارگاہوں، مساجد، قبرستانوں اور نالوں کی صفائی، سڑکوں کی دھلائی اور چونے کے چھڑکاؤ کا عمل تسلسل سے جاری ہے۔گزشتہ روز سی ای او کی زیر صدارت اجلاس میں سینئر منیجر آپریشنز ڈاکٹر حامد اقبال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کمپنی نے محرم الحرام کے دوران صفائی پلان پر عملدرآمد کرتے ہوئے تمام ورکرز کی چھٹیاں منسوخ کر کے ان کی اضافی تعداد میں ڈیوٹیاں لگا دی ہیں۔

مشینری اور فیلڈ اسٹاف کی مدد سے نالوں کی صفائی، چونا چھڑکاؤ، جراثیم کش سپرے اور کوڑا کرکٹ کنٹینرز کی دھلائی مکمل نظم و ضبط کے ساتھ جاری ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ یکم سے چھ محرم تک کے بعد اب عاشورہ (10 محرم الحرام) کے مرکزی جلوسوں کے روٹس اور امام بارگاہوں کے اطراف کی صفائی کو مزید مربوط اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ اہم جلوسوں کے گزرنے کے بعد فوری طور پر صفائی، پانی کا چھڑکاؤ اور کیچڑ کے خاتمے کے لیے ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہوں گی ۔ڈاکٹر حامد اقبال کے مطابق بارشوں کے دوران فوری رسپانس ٹیموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ پانی جمع ہونے کی صورت میں بروقت نکاسی کو ممکن بنایا جا سکے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر رانا ساجد صفدر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت راولپنڈی ڈویژن میں صفائی ستھرائی کا عمل نئی مثال قائم کر رہا ہے۔ ہم نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی قسم کی کوتاہی یا سستی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امام بارگاہوں، نالوں اور بارش کے پانی کی گزرگاہوں کو ہیوی مشینری، ایکسیویٹرز اور خصوصی عملے کی مدد سے صاف کیا جا ئے تاکہ عوام کو دوران محرم اور خاص طور پر عاشورہ کے دن کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی کے اس مشن میں صفائی عملے کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی صفائی سے متعلق شکایت کے لیے RWMC ہیلپ لائن پر فوری اطلاع دیں۔راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا ہدف ہے کہ محرم الحرام اور عاشورہ کے موقع پر شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جائے۔