راولپنڈی۔ 11 اپریل (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا راولپنڈی شہر، ٹیکسلا،گوجر خان،کلر سیداں،کہوٹہ سمیت ڈویژن کے دیگر اضلاع مری،چکوال،جہلم،اٹک اور تلہ گنگ کی تمام تحصیلوں،شہری و دیہی علاقوں میں زیرو ویسٹ آپریشن جاری ہےجبکہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے پی ایس ایل کے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے تمام 11 میچوں کیلئے صفائی کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ شائقین کرکٹ کو ایک صاف اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او رانا ساجد صفدر کی ہدایت پر آپریشن سٹاف کی نگرانی میں ڈویژن کے تمام اہم مقامات، سڑکوں، گلیوں، چوراہوں اور بازاروں کی صفائی کے لیے جدید مشینری اور خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ جدید مشینری اور ورک فورس کی مدد سے مینوئل،مکینکل سویپنگ،ویسٹ لفٹنگ، سڑکوں کی مکینیکل سوئپنگ،واشنگ اور کچرے کی فوری نقل و حمل کی جا رہی ہے۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ٹیمیں گلیوں، بازاروں اور سڑکوں کی صفائی میں مصروف ہیں،سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے میچز کے دوران راولپنڈی شہر اور کرکٹ سٹیڈیم کے ارد گرد صفائی کی صورتحال پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
اس حوالے سے مختلف علاقوں میں ورکروں کی تعیناتی کر دی ہے تاکہ سٹیڈیم کے اندر اور باہر صفائی کی صورت حال کو بہتر بنایا جا سکے۔ کرکٹ سٹیڈیم کے داخلی اور خارجی راستوں، پارکنگ ایریا اور شائقین کے بیٹھنے کی جگہوں کو مکمل طور پر صاف رکھا جارہا ہے،سٹیڈیم کے باہر سڑکوں اور علاقوں کو بھی صاف کیا جارہا ہے،مختلف قسم کے ویسٹ بیگز اور کوڑے دان سٹیڈیم کے مختلف حصوں میں رکھ دیئے ہیں،
فوری صفائی کے لیے موبائل ٹیمیں بھی سٹیڈیم میں موجود ہوں گی جو شائقین کی جانب سے پھینکی گئی گندگی کو فوراً صاف کریں گی۔رانا ساجد صفدر نے اس حوالے سے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ راولپنڈی شہر پی ایس ایل کے میچز کی میزبانی کر رہا ہے اور ہم یہ چاہتے ہیں کہ شائقین کرکٹ کو صاف، محفوظ اور خوشگوار ماحول میں میچز دیکھنے کا موقع ملے۔ ہمارے صفائی آپریشن کی مکمل تیاری کے ساتھ ہم یقین دہانی کراتے ہیں کہ سٹیڈیم اور اس کے ارد گرد کا ماحول بہترین ہوگا۔