29.9 C
Islamabad
پیر, مئی 12, 2025
ہومعلاقائی خبریںراولپنڈی ویمن یونیورسٹی اور نیشنل اکیڈمی آف ہائرایجوکیشن کے تعاون سے تربیتی...

راولپنڈی ویمن یونیورسٹی اور نیشنل اکیڈمی آف ہائرایجوکیشن کے تعاون سے تربیتی پروگرام کا آغاز

- Advertisement -

راولپنڈی۔12مئی (اے پی پی):راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ادارے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کے تعاون سے یونیورسٹی مینجمنٹ کے لئے ایک ہفتہ پر مشتمل تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کے ڈائریکٹر سلیمان احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ تربیتی پروگرام کے فوکل پرسن راجہ آصف حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر راولپنڈی ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر انیلا کمال نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کے اس اہم اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تربیتی پروگرامز نہ صرف یونیورسٹی مینجمنٹ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو نکھارتے ہیں بلکہ ادارے کی مجموعی کارکردگی میں بھی مثبت تبدیلی لاتے ہیں۔

- Advertisement -

ڈاکٹر انیلا کمال نے اس موقع پر کہا کہ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایک ترقی یافتہ ادارہ ہے جو تدریس، تحقیق اور انتظامی ڈھانچے کی مضبوطی پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹی کی کامیابی صرف تدریسی معیار سے نہیں بلکہ ایک مربوط اور پیشہ وارانہ انتظامی نظام سے مشروط ہے، اس لئے انتظامی عملے کی تربیت اور پیشہ وارانہ ترقی بھی اہمیت کی حامل ہے۔

ڈائریکٹر نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن سلیمان احمد نے راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہا اور بتایا کہ یہ ان چند جامعات میں سے ایک ہے جہاں یونیورسٹی مینجمنٹ کے لئے تربیتی پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن گزشتہ 20برس سے فیکلٹی ٹریننگ کے ساتھ ساتھ اب یونیورسٹی مینجمنٹ کی استعداد کار بڑھانے پر بھی توجہ دے رہا ہے اور گزشتہ آٹھ ماہ میں ملک بھر کی 60 سے زائد جامعات میں یہ پروگرامز منعقد کئے گئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کہ کوویڈ اور مصنوعی ذہانت کے بعد دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور اس تناظر میں ایسے تربیتی پروگرامز وقت کی اہم ضرورت ہیں۔پروگرام میں لیڈرشپ، مینجمنٹ، کمیونیکیشن اور فنانس پر مبنی مختلف ماڈیولز شامل کئے گئے ہیں جن کا مقصد یونیورسٹی انتظامیہ کو جدید تقاضوں کے مطابق تیار کرنا ہے۔

تربیتی پروگرام راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے آفس آف ریسرچ، انوویشن اور کمرشلائزیشن کے زیر اہتمام منعقد ہو رہا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596164

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں