راولپنڈی ۔3دسمبر (اے پی پی):پاکستان نے عبداللہ شفیق، امام الحق اور بابر اعظم کی شاندار سنچریوں کی بدولت راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 499 رنز بنا لئے اور اسے انگلینڈ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے 158 رنز درکار ہیں، عبداللہ شفیق نے 114، امام الحق نے 121 اور بابر اعظم نے 136 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، انگلینڈ کی طرف سے ول جیکس نے تین اور جیک لیچ نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
راولپنڈی سٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 181 رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ شروع کی تو عبداللہ شفیق 89 اور امام الحق 90 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے، دونوں اوپنرز نے 65.4 اوورز تک پر اعتماد بیٹنگ کی اور 225 رنز کا آغاز فراہم کیا،
اس دوران عبداللہ شفیق نے تیسری ٹیسٹ سنچری مکمل کی، وہ پاکستان کے پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 114 رنز بنا کر ول جیکس کی گیند پر اولی پاپ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے، امام الحق نے بھی شاندار بیٹنگ کی بدولت کیریئر کی تیسری سنچری مکمل کی اور 121 رنز بنانے کے بعد جیک لیچ کی گیند پر اولی رابنسن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے،
ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 15 چوکے شامل تھے، سینئر بیٹر اظہر علی لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 27 رنز بنانے کے بعد جیک لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، کپتان بابر اعظم اور ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے سعود شکیل نے چوتھی وکٹ میں 123رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کا سکور 413 تک پہنچا دیا، سعود شکیل پاکستان کے چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 37 رنز بنا کر اولی رابنسن کی گیند پر اولی پاپ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے،
بابر اعظم نے ایک اینڈ سے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور آٹھویں ٹیسٹ سنچری مکمل کی، وہ پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 136 رنز بنانے کے بعد ول جیکس کی گیند پر جیک لیچ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 19 چوکے شامل تھے،
پاکستان کو چھٹا نقصان جلد اٹھانا پڑا جب محمد رضوان 29 رنز بنانے کے بعد جیمز اینڈرسن کی گیند پر بین سٹوکس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے، 497 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی ساتویں وکٹ گر گئی جب نسیم شاہ 15 رنز بنانے کے بعد ول جیکس کی گیند پر جیک لیچ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے،
یوں پاکستان نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 7 وکٹوں کے نقصان پر 499 رنز بنا لئے، سلمان علی آغا 10 اور زاہد محمود ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں،
انگلینڈ کی طرف سے ول جیکس نے تین، جیک لیچ نے دو جبکہ اولی رابنسن اور جیمز اینڈرسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، واضح رہے کہ پاکستان کو انگلینڈ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 158 رنز درکار ہیں۔