راولپنڈی ٹیسٹ ، انگلینڈ پہلی اننگز میں 657 رنز بنا کر آئوٹ ،پاکستان کے بغیر نقصان کے 181رنز

145
راولپنڈی ٹیسٹ ، انگلینڈ پہلی اننگز میں 657 رنز بنا کر آئوٹ ،پاکستان کے بغیر نقصان کے 181رنز

راولپنڈی۔2دسمبر (اے پی پی):انگلینڈ کی ٹیم راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 657 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، ہیری بروک نے 153 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، پاکستان کی طرف سے زاہد محمود نے 4 اور نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا،

اوپنر امام الحق اور عبداللہ شفیق کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 181 رنز بنا لئے، امام الحق 90 اور عبداللہ شفیق 89 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، پاکستان کو انگلینڈ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے 476 رنز درکار ہیں۔

جمعہ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 506 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو ہیری بروک 101 اور کپتان بین سٹوکس 34 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، انگلینڈ کے بیٹرز دوسرے روز پاکستانی بائولرز کو جم کر نہ کھیل سکے اور وقفے وقفے سے آئوٹ ہوتے رہے۔

بین سٹوکس گزشتہ روز کے سکور میں 7 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، لیام لیونگسٹون کو بھی 9 کے انفرادی سکور پر نسیم شاہ نے سعود شکیل کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کرا کے پاکستان کو چھٹی کامیابی دلا دی، مڈل آرڈر بیٹر ہیری بروک نے ایک اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 150 رنز مکمل کئے، وہ 5 چھکوں اور 19 چوکوں کی مدد سے 153 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر سعود شکیل کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، یہ ان کے کیریئر کی بہترین اننگز ہے۔

641 کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کو ساتواں نقصان اٹھانا پڑا جب ول جیکس 30 رنز بنانے کے بعد محمد علی کی گیند پر نسیم شاہ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔ اولی پاپ 37 رنز بنا سکے، انہیں زاہد محمود نے ایل بی ڈبلیو کرکے پویلین کا راستہ دکھایا۔

جیمز اینڈرسن انگلینڈ کے دسویں اور آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 6 رنز بنا کر زاہد محمود کا شکار بنے جبکہ جیک لیچ 6 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، یوں انگلینڈ کی پوری ٹیم 101 اوورز کھیلنے کے بعد 657 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی۔ پاکستان کی طرف سے ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے لیگ سپنر زاہد محمود سب سے کامیاب بائولر رہے ،

انہوں نے چار کھلاڑی میدان بدر کئے، نسیم شاہ نے تین، محمد علی نے دو اور حارث رئوف نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستانی اوپنرز نے گرائونڈ کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے ٹیم کا سکور 181 تک پہنچا دیا،

دونوں بیٹرز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے انگلش بائولرز کو گرائونڈ کے چاروں اطراف دلفریب سٹروکس کھیلے اور شائقین سے خوب داد وصول کی، امام الحق 90 اور عبداللہ شفیق 89 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔