راولپنڈی۔12مئی (اے پی پی):راولپنڈی پولیس ،ضلعی انتظامیہ اور وکلاء کی جانب سے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔پیر کو آر پی او بابر سرفراز الپا، کمشنر انجینئر عامر خٹک، سی پی او سید خالد ہمدانی، ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ اور سینئر پولیس افسران نے افواج پاکستان کی یادگار شہداء پر حاضری دی ۔افسران نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب،انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب اور راولپنڈی پولیس کی جانب سے یادگار شہداء پر پھول رکھے،پاک فوج کے چاق و چوبند دستے اور پولیس افسران نے یادگار شہداء پر سلامی دی۔ پولیس فورس نے پاک فوج کے افسران و جوانوں کو پھولوں کے ہار پہنائے،وطن عزیز کے شاندار دفاع اور دشمن کو بھرپور جواب دینے پر پولیس کی جانب سے افسران و جوانوں کو مٹھائی بھی پیش کی گئی۔پولیس کے بینڈ نے ملی نغموں کی دھن بجائی، پولیس اور افواج کے جوان ملی نغموں پر خوشی اور جذبات سے جھوم اٹھے۔
دریں اثنا پولیس افسران نے پاک فضائیہ کے افسران سے ملاقات کرتے ہوئے پاکستانی شاہینوں کی بے مثال کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔افسران نے پاک فضائیہ کے افسران کو پھولوں کے ہار پہنائے اور مٹھائی پیش کی۔اس موقع پر آر پی او بابر سرفراز الپانے کہا کہ افواج پاکستان نے ثابت کیا کہ وطن عزیز کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے،افواج پاکستان نے ملک و قوم کے دفاع کے لئے سیسہ پلائی دیوار کی طرح ڈٹ کر دشمن کامقابلہ کیا، قوم کے بہادر سپوتوں نے دشمن کو باور کرایا کہ ارض پاک کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ سی پی او خالد ہمدانی نے کہا کہ افواج پاکستان نے ہر سطح پر اورہر میدان میں اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا،قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے، پولیس فورس اور قوم کا ہر فرد افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے،راولپنڈی پولیس موجودہ حالات میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
قبل ازیں راولپنڈی بار کے صدر سردار منظر بشیر کی قیادت میں وکلا نے کچہری چوک میں افواج پاکستان کے حق میں پاکستان زندہ باد ریلی نکالی جس میں مرد و خواتین وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596191