راولپنڈی ۔24اپریل (اے پی پی):راولپنڈی پولیس اور آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے اشتراک سے تفتیشی افسران کے لیے انٹیلکچول پراپرٹی رائٹس لیکچر کا انعقاد کیاگیا۔ سینئر مینجر آئی پی آر ملک بلال حید ر نے 60سے زائد تفتیشی افسران کو لیکچر دیا۔
لیکچر کے دوران آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے سینئر مینجر آئی پی آر ملک بلال حید رنے انٹیلکچول پراپرٹی رائٹس کے متعلق آگاہی فراہم کرتے ہوئے کہا کہ جب کوئی کمپنی یاشخص کسی بھی برانڈ یا پراڈکٹ کی نقل (کاپی) تیار کرتے ہوئے کاپی رائٹس ایکٹ کی خلاف ورزی کرے تو ان کے خلاف کس ضابطہ کار کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے، کاپی رائٹس ایکٹ اور ٹریڈ مارک کی خلاف ورزی سے کمپنی یا ملک کو مالی نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ صارفین کو معیاری اور اچھی کوالٹی کی پراڈکٹ فراہم کرنا ناممکن ہوجاتا ہے۔
اس لیکچر کے انعقاد سے تفتیشی افسران کو اپنے پیشہ وارانہ امور میں معاونت حاصل ہو سکے گی اور شہریوں کے حقوق کا تحفظ بھی ممکن ہوگا۔ تفتیشی افسران کی آگاہی اور تفتیش کے معیا ر کو بہتر بنانے کے لیے آگاہی لیکچر کا سلسلہ جاری رہے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587279