راولپنڈی۔31جنوری (اے پی پی):راولپنڈی پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں فرینڈز آف پولیس انٹرن شپ پروگرام کا 23 واں بیج مکمل ہوگیا ۔پولیس ترجمان کے مطابق انٹرن شپ پروگرام میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ نے حصہ لیا.
ترجمان نے بتایا کہ دو ہفتے کے انٹرن شپ پروگرام میں سینئر پولیس افسران نے طلبہ کو پولیس ورکنگ اور پولیسنگ کے مختلف شعبوں پر لیکچرز دئیے۔ پروگرام کے تحت طلبہ کو پولیس سٹیشن ورکنگ،پولیس خدمت مرکز،فرنٹ ڈیسک، مختلف پولیس ایپس،ٹریفک پولیس،قانونی اور عدالتی کارروائی بارے آگاہی فراہم کی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ طلبہ کو سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز،پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم،ٹریفک ہیڈکوارٹرز، پولیس خدمت مرکز لیاقت باغ اور لیگل برانچ کا بھی دورہ کرایاگیا تاکہ وہ عملی طور پر پولیسنگ سے آگاہی حاصل کر سکیں۔
اس حوالے سے سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے بتایا کہ انٹرن شپ پروگرام کا مقصد پولیسنگ سے آگاہی اور اس میں بہتری کے لئے نوجوانوں کو ساتھ لے کر چلنا ہے، انٹرن شپ پروگرام سے طلبہ اور نوجوانوں کے تعاون اور مشاورت سے کمیونٹی پولیسنگ کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل پولیس ورکنگ اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ایس ایس پی آپریشنز انٹرن شپ پروگرام کا مقصد شہریوں خصوصاً نوجوان طلبہ کو موثر پولیسنگ، جرائم کی روک تھام، تعلیمی اداروں میں منشیات کے تدارک اور دیگر معاشرتی مسائل کے حل اور کمیونٹی پولیسنگ کے لئے معاون بنانا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=554324