راولپنڈی۔7جون (اے پی پی):عید الاضحٰی کی نماز راولپنڈی پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز کی جامع مسجد میں نہایت عقیدت و احترام سے ادا کی گئی۔ نماز میں ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی بابر سرفراز الپا، سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) سید خالد ہمدانی، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ڈویژنل ایس پیز سمیت دیگر سینئر پولیس افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ نماز کے بعد شہداء کے درجات کی بلندی، امت مسلمہ کے اتحاد اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
نماز کی ادائیگی کے بعد آر پی او بابر سرفراز الپا، سی پی او سید خالد ہمدانی اور ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے پولیس افسران و اہلکاران سے عید ملے اور ان کے جذبے کو سراہا۔ اس موقع پر کانسٹیبل الطاف حسین شہید میس میں پولیس فورس کے لیے خصوصی کھانے کا اہتمام کیا گیا جس میں آر پی او، سی پی او اور دیگر افسران نے اہلکاروں کے ساتھ کھانے میں شرکت کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ عید الاضحی کے موقع پر شہر بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے۔
راولپنڈی پولیس کے 2700 افسران و جوانوں کو سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا۔ نماز عید کے لیے 604 مساجد، 62 کھلے مقامات اور 72 امام بارگاہوں پر خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تاکہ شہری بلا خوف و خطر مذہبی فریضہ ادا کر سکیں۔ آر پی او بابر سرفراز الپا اور سی پی او سید خالد ہمدانی نے عید کے دن بہترین سیکیورٹی انتظامات پر راولپنڈی پولیس کو شاباش دی۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے جس کے لیے راولپنڈی پولیس چوبیس گھنٹے متحرک اور پرعزم ہے۔