راولپنڈی۔8اگست (اے پی پی):راولپنڈی پولیس نے چار ملزمان کو گرفتار کر کے ساڑھے تین کلو سے زائد چرس برآمد کر لی۔ پولیس ترجمان کے مطابق کارروائیاں صدربیرونی، صدر واہ اور کہوٹہ کے علاقوں میں کی گئیں۔ تھانہ صدربیرونی پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 1 کلو 480 گرام چرس برآمد کی جبکہ صدر واہ پولیس نے دو ملزمان کو دھر لیا جن کے قبضے سے مجموعی طور پر 1 کلو 200 گرام چرس برآمد ہوئی۔
اسی طرح کہوٹہ پولیس نے ایک اور ملزم کو گرفتار کر کے 1 کلو 100 گرام چرس برآمد کی۔ تمام گرفتار ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ زیر حراست افراد کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ منشیات جیسے ناسور کے خاتمے کے لیے راولپنڈی پولیس کی جانب سے کریک ڈاؤن پوری شدت سے جاری ہے تاکہ نوجوان نسل کو اس زہر سے محفوظ رکھا جا سکے۔