راولپنڈی پولیس کا منشیات کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن ،ایک ماہ میں700 کے قریب بڑے اور متحرک منشیات فروش گرفتار

201
منشیات

راولپنڈی۔ 01 اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات پر راولپنڈی پولیس نے منشیات کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن میں ایک ماہ کے دوران700 کے قریب بڑے اور متحرک منشیات فروش گرفتار کرلیے ہیں، گرفتار ملزمان سے منشیات کی بھاری مقدار برآمد کی گئی،برآمد کی گئی منشیات کی مالیت کروڑوں روپے ہے، منشیات فروشوں کے نیٹ ورک اور سپلائی چین کو توڑا گیا ہے،سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ منشیات کے عادی افراد کے علاج معالجہ کا اقدام بھی اٹھایا گیا،300 سے زائد منشیات کے عادی افراد کو علاج کے لئے ہسپتال بھجوایا گیا ہے،

شہریوں کی نشاندہی پر بھی منشیات فروشوں اور منشیات پاکٹس کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات پر راولپنڈی پولیس نے منشیات کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن میں ایک ماہ کے دوران700 کے قریب بڑے اور متحرک منشیات فروش کو گرفتارکیاگیا،منشیات فروشوں سے 600 کلو (15من) سے زائد چرس، 05 کلو سے زائد ہیروئن اور آئس برآمد ہوئی، خصوصی کریک ڈاؤن کے دوران 1400 لیٹر سے زائد شراب بھی برآمد ہوئی، سی پی او نے کہاکہ پہلی مرتبہ منشیات کے عادی افراد کے علاج معالجہ کا اقدام بھی اٹھایا گیا، راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے منشیات کے عادی افراد کو ہسپتال شفٹ کیا گیا ہے جہاں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ان کا علاج معالجہ جاری ہے،300 سے زائد منشیات کے عادی افراد کو علاج کے لئے ہسپتال بھجوایا گیا ہے،

اس ضمن میں نجی ری ہیب اداروں سے بھی تعاون کی اپیل کی گئی ہے، منشیات کے عادی افراد کو اس مرض سے نجات دلا کر معاشرے کا کار آمد حصہ بنایا جا سکتا ہے، منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لئے شہریوں سے بھی تعاون کی اپیل کی گئی ہے، شہریوں کی نشاندہی پر بھی منشیات فروشوں اور منشیات پاکٹس کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں،

سی پی اوسید خالد ہمدانی نے مزید کہاکہ شہریوں کی آگاہی کے لئے منشیات کے خلاف مختلف علاقوں میں واک اور سیمینارز بھی کروائے گئے ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے منشیات کے خلاف کارروائی کے احکامات پر بھرپور کریک ڈاؤن کی صورت میں عملدرآمد جاری ہے، منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن مسلسل جاری رہے گا، شہری منشیات کے خلاف اس جنگ میں راولپنڈی پولیس کا ساتھ دیں۔