راولپنڈی پولیس کا پتنگ بازی ،ہوائی فائرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 54 افراد گرفتار ،سینکڑوں پتنگیں اور ڈوریں برآمد

88
kite flying
kite flying

راولپنڈی۔15فروری (اے پی پی):سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایات پر پولیس کا پتنگ بازی و ہوائی فائرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ گزشتہ روز پتنگ بازی میں ملوث 54 افراد گرفتار کر کے سینکڑوں پتنگیں اور ڈوریں برآمد کر لیں۔ ہوائی فائرنگ میں ملوث 4 افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق پتنگ بازوں کے خلاف کارروائیاں تھانہ آر اے بازار، ریس کورس، دھمیال، وارث خان، ویسٹریج، نصیر آباد اور صدر بیرونی کے علاقوں میں کی گئیں۔ آر اے بازار پولیس نے 22، ریس کورس پولیس نے 19، دھمیال پولیس نے 8، وارث خان پولیس نے 2 جبکہ ویسٹریج ، نصیر آباد اور صدر بیرونی پولیس نے ایک ، ایک پتنگ باز گرفتار کر کے بڑی تعداد میں پتنگیں اور ڈوریں برآمد کر لیں ۔

آر اے بازار کے علاقہ میں ہوائی فائرنگ میں ملوث 4 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا۔ سی پی او کا کہنا ہے کہ پولیس کے موثر انتظامات اور بھرپور کریک ڈاؤن کی بدولت پتنگ بازی نہ ہونے کے برابر رہی۔ پولیس افسران مسلسل فیلڈ میں رہ کر کریک ڈاؤن کی نگرانی کرتے رہے۔ راولپنڈی پولیس کی بروقت آگاہی مہم اور موثر اقدامات کی بدولت کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی و پتنگ فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ جان لیوا کھیل میں ملوث افراد قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔